ڈیرہ اسماعیل خان: ڈائریکٹر انفارمیشن خیبر پختونخوا نور الہادی نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب کے دوران ریجنل انفارمیشن آفس ڈیرہ اسماعیل خان نے حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے امدادی سرگرمیوں اور اقدامات سے متعلق عوام کو بروقت آگاہی فراہم کرنے میں جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔مستقبل میں بھی عوامی فلاحی منصوبوں، ترقیاتی منصوبوں، قدرتی آفات اور حکومتی اقدامات سے متعلق عوام کو بروقت آگاہی فراہم میں بھی تندہی سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔
یہ ہدایات انہوں نے ایڈمنسٹریٹیو آفیسر فرمان علی کے ہمراہ ریجنل انفارمیشن آفس ڈیرہ اسماعیل خان کے اچانک دورہ کے موقع پر دیں۔ اس موقع پر انہوں نے حاضری رجسٹر چیک کرنے کے علاوہ دفترکے مختلف سیکشنز کا معائنہ بھی کیا۔
ریجنل انفارمیشن آفیسر ڈیرہ اسماعیل خان ثناء اللہ بیٹنی نے دفتر آمدپر ان کا استقبال کیا جبکہ دفتر کی کارکردگی اور حکومت کی مثبت پالیسیز، انتظامیہ اور اداروں کی جانب سے مختلف خدمات سے متعلق عوام کو بروقت آگاہی دلانے کیلئے دفتر کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات اور دفتر کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ دی۔
ڈائریکٹر انفارمیشن خیبر پختونخوا نے اخبارات کی حاضری، ریگولیرٹی، سرکولیشن فیگرز اور ڈیرہ اسماعیل خان ریجن میں پرنٹنگ پریسز سے متعلق تفصیلات بھی معلوم کیں۔ اس موقع پر حال ہی میں ریٹائر ہونے والے ڈائریکٹر انفارمیشن خیبر پختونخواقاضی صبغت اللہ بھی موجود تھے۔
نور الہادی نے اس موقع پرعملے کی کارکردگی کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور عوام کے درمیا ن رابطے کیلئے انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ پلُ کا کردار ادا کر رہا ہے لہذا اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے انجام دیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت کی مثبت پالیسیوں اور ایمرجنسی صورتِ حال میں اداروں کی کارکردگی اور اقدامات سے متعلق عوام کو آگاہ کرنے میں مزید تندہی سے کام کرنا ہوگا تاکہ نہ صرف عوام کا حکومت پر اعتمادبرقرار رکھا جا سکے بلکہ عوامی فلاحی اور مفاد عامہ کے منصوبوں سے متعلق لوگوں کو بروقت آگہی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا سکے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں۔
ڈائریکٹر انفارمیشن نے اپنے دورے کے موقع پر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن بالخصوص ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا بھی جا ئزہ لیااور کہا کہ حالیہ سیلاب سے صوبہ خیبر پختونخوا بالخصوص ڈیرہ اسماعیل خان میں کافی نقصانات ہوئے ہیں جن کے ازالے کیلئے حکومت مختلف اقدامات اٹھا رہی ہے لہذا ایسے اقدامات سے متعلق بھی لوگوں بالخصوص متاثرین کو آگاہی فراہم کرنے میں اپنا خصوصی کردار ادا کریں تاکہ کوئی بھی حقدار حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی جانیوالی امداد یا سہولیات سے محروم نہ رہے۔