وزیر بلدیات کا ڈیرہ میں محرم الحرام کے دوران سیکورٹٰی کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار

3b13626b-9f2b-4758-bf82-4d5dda8ffc03.jpg

ڈیرہ اسماعیل خان: محرم الحرام کے دوران ڈیرہ اسماعیل خان میں امن و امان کی صورتحال کو بر قرار رکھنے اور فول پروف حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی وزیر بلدیات فیصل امین خان گنڈہ پور، کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن عامر آفاق اور ریجنل پولیس آفیسر شوکت عباس نے ضلع کے مختلف امام بار گاہوں، کنڑول سنٹر اور ماتمی جلوسوں کے روٹس کی کڑی نگرانی کے سلسلے میں دورہ کیا۔

اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈی پی او ڈیرہ نجم الحسنین لیاقت،ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نصراللہ خان، اسسٹنٹ کمشنر فرحان احمد سمیت انتظامی اور پولیس افسران بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر بلدیات نے امام بارگاہوں کے اندرونی وبیرونی سیکیورٹی کاجائزہ لیتے ہوئے امام بارگاہوں کے اطراف میں نگرانی کے اقدامات کا بھی تفصیلی معائنہ کیا جبکہ متولیوں اورمنتظمین سے بھی ملاقات کی اور سیکیورٹی کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا۔

ڈی پی او ڈیرہ نجم الحسنین لیاقت نے وزیر بلدیات کو امام بارگاہوں میں عشرہ محرم الحرام کے دوران منعقد ہونیوالے مجالس،جلوسوں اور دیگر مذہبی رسومات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے محرم الحرام کے دوران شہر کی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کیلئے قائم سپریم کمانڈ پوسٹ کا بھی دورہ کیا جہاں عاشورہ محرم الحرام کے تمام مجالس اور جلوسوں کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر فیصل امین گنڈہ پور نے انتظامیہ اور محکمہ پولیس کی جانب سے انتظامات بالخصوص سیکورٹی انتظامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ انتظامیہ اور پولیس کی باہمی کوششوں اور اقدامات کے پیش نظر پرامن عاشور ہ محرم کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی عوام امن کی خواہاں ہے اور امن ہو گا تو ترقی و خوشحالی آئے گی۔

اس موقع پر کمشنر ڈیرہ اور آر پی او نے بھی عاشورہ محرم الحرام کی سیکیورٹی کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامی اور پولیس افسران کی کوششوں کوسراہا۔انہوں نے چوگلہ پر دسویں محرم الحرام کی رات نکالے گئے جلوس کے موقع پر چیئرمین ڈی آر سی عبدالحلیم قصوریہ سمیت امن کمیٹی کے ممبران سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ محرم الحرام کے دوران اتحاد بین المسلمین کے لیے علمائے کرام، ضلعی ممبران اور امن کمیٹی کا کردار نہایت اہم ہے، ماضی کی روایات کے مطابق ضلع میں امن وامان برقرار رکھنے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔

انہوں نے عوام پر بھی زور دیا کہ وہ دسویں محرم الحرام کے جلوسوں کے دوران امن کے قیام کی خاطر انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ بھر پور تعاون کریں۔جہاں کہیں انہیں مشکوک افراد یا اشیاء نظر آ ئیں تو فوری طور پر پولیس کے نوٹس میں لائیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top