سیدرسول بیٹنی
پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ اعلیٰ تعلیم کی چیئر پرسن و ایم پی اے مدیحہ نثار نے کہا ہے کہ جامعات اعلیٰ تعلیم سے وابستہ طلبہ کے لئے تحقیق میں آسانیاں و رہنمائی فراہم کرنے سمیت ڈگریوں کا بروقت اجراء اور ان کے قیمتی وقت اور مالی اخراجات کا تحفظ یقینی بنائے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار کے پی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ اعلیٰ تعلیم،آرکائیوز و لائبریریز کی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
.
اجلاس میں اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں شعبہ سائیکالوجی کی بیچ 2019-2017 کی ایم فل طلباء وطالبات کو ڈگریوں کے اجراء میں تاخیر سے متعلق سیر حاصل گفتگو ہوئی۔
شرکاء مجلس کو بتایا گیا کہ کمیٹی کے پچھلے اجلاسوں میں جاری احکامات کی روشنی میں مذکورہ مسئلہ حل ہوچکا ہے اور متاثرہ طالبہ کو ان کی ڈگریاں جاری کر دی گئیں ہیں، جس پر ممبران کمیٹی و چیئر پرسن مدیحہ نثار نے وائس چانسلر اور اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور کے منتظمین کی کوششوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ تمام طلبہ بلخصوص ایم فیل و پی ایچ ڈی سکالرز کو ڈگریاں بروقت جاری کی جائے تاکہ طلبہ کی قیمتی وقت اور مالی اخراجات کا یوں ضیاع نہ ہو۔
اس موقع پر چیئرپرسن و ایم پی اے مدیحہ نثار نے اسمبلی انتظامیہ کو ڈیرہ اسمعیل خان میں گورنمنٹ ڈگری کالج پہاڑی پور اور پروا جبکہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج ثمر باغ دیر لوئیر کا کمیٹی ممبران کے دورے کرانے سے متعلق امور استوار کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
اجلاس میں ممبران کمیٹی و اراکین صوبائی اسمبلی لیاقت علی خان، رابعہ بصری، آسیہ صالح خٹک اور ایم پی اے ریحانہ اسمعیل کے علاوہ سپیشل سیکرٹری محکمہ اعلٰی تعلیم، وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور، ڈپٹی و اسسٹنٹ سیکرٹریز صوبائی اسمبلی، سیکشن آفیسر محکمہ قانون اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔