اسلام آباد: ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو مسترد کیے جانے کے بعد پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال کے بعد چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ازخود نوٹس لے لیا۔
رجسٹرار سپریم کورٹ نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ چیف جسٹس پاکستان نے ملک میں پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال پر ازخود نوٹس لے لیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کا لارجر بینچ کیس کی سماعت کرے گا تاہم بینچ میں شامل ججز کے بارے میں بعد میں بتایا جائے گا۔
دوسری جانب اٹارنی جنرل بیرسٹر خالد جاوید خان وزیر قانون فواد چوہدری سے ملاقات کے بعد سپریم کورٹ پہنچ چکے ہیں اور اس موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ حتمی ہو گا۔
اپوزیشن کی پٹیشن تیار
اپوزیشن کی جانب سے آج قومی اسمبلی میں ہونے والی کارروائی کے خلاف پٹیشن تیار کر لی گئی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ آج کی قومی اسمبلی کی کارروائی کالعدم قرار دی جائے۔
درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی صدر کو بھیجی گئی سمری کو بھی سائیڈ لائن کیا جائے، آج ہی اسپیکر کو اجلاس بلا کر اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کا پراسس مکمل کرنے کا حکم دیا جائے۔
علاوه ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر قومی اسمبلی تحلیل کر دی۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرار داد کو آئین سے انحراف قرار دیتے ہوئے مسترد قرار دیا گیا۔
تحریک عدم اعتماد مسترد کیے جانے کے بعد قوم سے مختصر خطاب میں عمران خان نے سب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ صدر مملکت کو قومی اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز بھیج دی ہے، قوم اگلے الیکشن کی تیاری کرے۔
اب صدر مملکت نے وزیراعظم عمران خان کی تجویز کو منظور کرتے ہوئے قومی اسمبلی تحلیل کر دی ہے۔