سیدرسول بیٹنی
ڈیرہ اسماعیل خان:سروسز شعبہ سے وابستہ کاروباری افراد کی آسانی اور غیر رجسٹرڈ ٹیکس دہندہ گان کو ٹیکس دائرہ کار میں شامل کرنے کے لیے خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی نے ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ میں رجسٹریشن مہم کا باقاعدہ آغاز کرلیا۔ مہم کا انعقاد امریکی ادارے برائے بین الاقوامی یو ایس ایڈ کے تعاون سے کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل کیپرا جناب فیاض علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر یہ رجسٹریشن مہم بدھ کی شام تک ڈیرہ اسماعیل خان میں جاری رہے گی اور اس کے بعد کیپرا کے ٹیمیں کوہاٹ میں رجسٹریشن کیمپ قائم کرکے غیر رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کی رجسٹریشن کریں گی۔ کیپرا کی ٹیمیں مختلف تجارتی اور صنعتی مراکز کے دورے کریں گی اور ان کو سیلز ٹیکس آن سروسز سے متعلق آگاہی فراہم کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ افراد جو ابھی تک کیپرا کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں ہیں ان کو کیپرا کے ساتھ موقع پر ہی رجسٹرڈ کیا جائے گا۔
رجسٹریشن مہم کے پہلے روز خیبر پختونخوا ریونیو اتھارٹی کی رجسٹریشن ٹیم نے ڈیرہ اسماعیل خان کے سرکلر روڈ پر واقع لاکوزین ریسٹورانٹ میں اپنا رجسٹریشن کیمپ لگایا جبکہ کیپرا کے افسران پر مشتمل تین ٹیموں نے سرکلر روڈ، دیال روڈ اور کنال روڈ پر واقع مختلف تجارتی اور صنعتی مراکز کے دورے کیےاور غیر رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کو موقع پر رجسٹریشن کی سہولت فراہم کی۔
اس موقع پر اپنے پیغام میں ڈائریکٹر جنرل فیاض علی شاہ کا کہنا تھا کہ رجسٹریشن مہم کا مقصد لوگوں میں ٹیکس سے متعلق شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ دہندگان کے لئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ ٹیکس کی ادائیگی ہمارے ملک اور قوم کی ترقی کے لیے ناگزیر ہے۔ یہ مہم اپ کی سہولت کے لیے شروع کی گئی ہے اپ اس مہم سے فائدہ اٹھا کر ملک اور قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں