سیدرسول بیٹنی
مردان :جامعہ عبدالولی خان مردان کے شعبہ پشتو کے زیراہتمام 21 فروری کو مادری زبانوں کا عالمی دن کے موقع پر سيمينار کا انعقاد کیا جائیگا۔
سيمينار میں پشتو زبان کی اہمیت اور ترویج پر ماہرین تعلیم پُر مغز لیکچرز دینگے اور ملک و قوم کی ترقی میں مادری زبانوں کی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔
سيمينار کے آرگنائزر اور شعبہ پشتو جامعہ عبدالولی خان کے چیئرمین اسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ظفر بخشالی نے "دی پشاور پوسٹ” کو سیمینار کے حوالے سے بتایا کہ اس پروگرام میں مادری زبانوں کی اہمیت اور سکوپ پر بحث ہوگی جس میں ماہرین تعلیم اپنے اپنے تجربات شرکاء کے ساتھ شیئر کرینگے اور پختونخوا میں مادری زبانوں کو درپیش مشکلات کا حل بھی تلاش کرینگے۔
سيمينار میں پختونخوا کے مختلف علاقوں تعلق رکھنے اور پشتو ادب سے منسلک مقامی ریسرچ سکالرز،ڈویلپمنٹ سیکٹر اور مختلف سرکاری شعبہ جات کے نمائندے شرکت کرینگے۔
ڈاکٹر ظفر بخشالی کا کہنا تھا کہ سیمینار کے مقررین کی تجاویز کا باقاعدہ منٹس لئے جائیں گے جو کہ بعد میں صوبے اور وفاق میں متعلقہ حکومتی اداروں کے ساتھ شیئر کیا جائے گا تاکہ حکومت کو مادری اور مقامی زبانوں کی ترویج میں مدد مل سکے۔