پشاور:پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیراہتمام جمعہ کے روز انجمن اصلاح الافاغنہ کی صد سالہ تقریبات کے اختتام پر باچاخان مرکز پشاور میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت صوبائی صدر اچک خان نے کی۔
تقریب میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی کلچر سیکرٹری خادم حسین، صوبائی سیکرٹری مالیات مختیار خان، پی ایس ایف کے مرکزی صدر ملک احتشام الحق، پی ایس ایف کے صوبائی جنرل سیکرٹری نعمان شیر، ممتاز ماہرقانون اور سابق رکن صوبائی اسمبلی سلیم خان ایڈوکیٹ، پی ایس ایف کے سابق مرکزی صدر ادریس خان اور کثیر تعداد میں صوبہ بھر سے پی ایس ایف کے عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔
تقریب کے پہلے حصے مقررین نے انجمن اصلاح الافاغنہ کی تاریخ، اہمیت اور باچاخان کی شروع کردہ تحریک پر تفصیلی گفتگو کی۔ تقریب میں قومی تحریک کے ساتھ ساتھ پختون سٹوڈنٹس فیڈریشن کی تاریخ اور طلبہ سیاست میں کردار پر بھی مقررین نے گفتگو کی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایف گذشتہ پانچ دہائیوں سے تعلیمی اداروں میں طلبہ کے حقوق، انکے مسائل کے حل اور قومی تحریک کیلئے نرسری کا کردار ادا کررہی ہے۔ 1968ء میں لگایا گیا یہ پودا اب تیک تن آور درخت بن چکا ہے جس سے پوری قوم کی امیدیں وابستہ ہیں۔
اس موقع پر خطاب کے دوران پی ایس ایف کے صوبائی صدر اچک خان کا کہنا تھا کہ پورے صوبے میں پی ایس ایف کو منظم کرنے کا آغاز ہوچکا ہے اور جہاں پر بھی تنظیمیں نامکمل ہیں انہیں جلدازجلد پورا کیا جائیگا۔ باچاخان اور ولی خان کی برسی تقاریب بارے ان کا کہنا تھا کہ جنوری میں پی ایس ایف کے زیراہتمام فخرافغان باچاخان اور رہبرتحریک خان عبدالولی خان کی برسیوں کے مناسبت سے صوبائی سطح پر تقاریب کا اہتمام کرے گی جبکہ مرکزی تقریب کیلئے تاریخ کا اعلان جلد کیا جائیگا۔
انہوں نے تمام تنظیموں کو ہدایات جاری کیں کہ مرکزی تقریب کیلئے آج سے تیاریاں شروع کریں۔ صوبائی صدر اچک خان اور جنرل سیکرٹری نمعان شیر نے تمام یونٹوں اور تنظیموں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس تقریب کی کامیابی کیلئے انتہائی کم وقت میں بھرپور محنت کی اور تقریب کو کامیاب بنایا۔