پشاور:ضلع بنیر کے تحصیل خدوخیل کے 57 پولنگ اسٹیشنز کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج موصول ھوئے ھیں جبکہ دکاڑہ نامی علاقے کے خواتین کے ایک پولنگ اسٹیشن پر حملے اور مبینہ طور پر پریزائڈنگ افسر پر تشدد کے بعد گنتی روک دی گئی ہے۔ بونیر پولیس نے اس واقع کے بارے میں باقاعدہ مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
مقامی ذرائع کے مطابق تحصیل خدوخیل کے چیرمین کے عہدے کے لئے 56 پولنگ اسٹیشن کے نتائج کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار گلزار حسین بابک کو برتری حاصل ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار محمد افسر دوسرے نمبر پر ہے۔
تحصیل خدوخیل کے ریٹرننگ افسر کے دفتر کو 56 پولنگ اسٹیشنز کے پریزائڈنگ افسران کے جانب سے فراہم کردہ تصدیق شدہ نتائج کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے گلزار حسین بابک نے 7496 ووٹ حاصل کیے ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار محمد افسر خان نے 7238 ووٹ حاصل کئے ہیں۔ جمیعت علماء اسلام ف کے امیدوار مولانا ابرار اللہ نے 6800 ووٹ حاصل کئے ہین۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان قبضے میں لیے گئے دو بیلٹ بکسز کے مستقبل کے فیصلے کے بعد اسی پولنگ اسٹیشن پر دوبارہ ووٹنگ کے لئے تاریخ کا اعلان کریگا ۔