موجودہ حکومت کے ناقص پالیسوں نے عوام کا جینا حرام کردیا ہے،سکندر شیرپاؤ

239663774_4273198309436739_4771857019632658136_n.jpg

پشاور:قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے گزشتہ تین سالوں میں وزرا کے قلمدان تبدیل اوران کو فارغ کرنے کے سواکچھ نہیں کیا۔انھوں نے کہا کہ چار وزرائے خزانہ اور سات ایف بی آر کے چیئرمین تبدیل کرنے سے واضح ہو گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس معاشی بہتری کیلئے کوئی منصوبہ بندی نہیں اور ان کا کردار تجربات تک محدود ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے غازی کالونی پشاور صدر میں پارٹی کے الیکشن آفس کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرقومی وطن پارٹی وارڈ نمبر5 کے امیدوار نصراللہ خان،وارڈ 4 کے امیدوار غلام رضا رضوی،پارٹی کے صوبائی وائس چیئرمین سید فیاض علی شاہ،ممبر فیڈرل کونسل اختر منیر،کیوڈبلیو پی پشاور سٹی کے چیئرمین ملک عدیل اعوان،ضلع پشاور کے چیئرمین الحاج ملک محمد سلیم چمکنی،پارٹی عہدیدارسیدصابر شاہ،خالد باغی،فہیم زیدی اور دیگر بھی موجود تھے۔

سکندر شیرپاؤ نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کنٹونمنٹ انتخابات قریب آتے ہی پی ٹی آئی کے وزراء اور ممبران اسمبلی نے ایک مرتبہ پھر عوام کا رخ کرکے ان کو سبز باغ دکھانا شروع کردیا مگر عوام باشعور ہیں اور مزید ان کی چالوں میں آنے والے نہیں۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے غریب عوام سے کئے گئے اپنے تمام دعوؤں اور وعدوں پر یوٹرن لیتے ہوئے ان کو تاریخ کے بد ترین دور میں دھکیل کرہوشربا مہنگائی و بے روزگاری،تیل مصنوعات،بجلی و گیس بلوں میں ظالمانہ اضافہ اورآٹا و چینی بحران سے دوچار کردیا۔

سکندر شیرپاؤ کہا کہ موجودہ صورتحال میں دکھائی ایسے دے رہا ہے کہ ملکی معاشی پالیسیاں ترتیب کرنے کا ذمہ آئی ایم ایف کے سپرد کردیا گیا ہے کیونکہ حکومت ان کے اشاروں پر چلتے ہوئے عوام کو مہنگائی اور ملک کو معاشی بد حالی کی طرف دھکیل رہی ہے۔

انھوں  نے سابقہ ادوار میں بھرتی ملازمین کو فارغ کرنے کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سرکاری ملازمین کو فارغ کرنے کی بجائے اس کاکوئی مناسب حل ڈھونڈے کیونکہ ملک میں بے روزگاری کی شرح پہلے سے حد درجے بڑھ چکی ہے اور لوگ بے روزگاری کی وجہ سے دو وقت کی روٹی کے حصول کیلئے ترس رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top