افغانستان سے متعلق اسلام آباد میں ہونے والی امن کانفرنس ملتوی ہوگئی،کانفرنس افغانستان کی درخواست پر ملتوی کی گئی۔
وزارت خارجہ نے افغانستان سے متعلق تین روزہ کانفرنس ملتوی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق اسلام آباد میں17جولائی سے ہونے والی کانفرنس عیدالاضحٰی کے بعد تک ملتوی کی گئی ہے ، نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہناہےکہ کانفرنس افغانستان کی درخواست پر ملتوی کی گئی،3 روزہ کانفرنس میں مختلف افغان رہنماؤں کو دعوت دی گئی تھی تاہم افغان طالبان کو دعوت نہیں دی گئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق جن مندوبین کو دعوت دی گئی تھی انہیں خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد لایا جانا تھا، ان رہنماؤں میں افغان اعلیٰ قومی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ، سابق صدر حامد کرزئی، حزب اسلامی کے رہنما گل بدین حکمت یار ، چیئرمین مسعود فاونڈیشن احمد ولی، سابق نائب صدر احمد ضیاء مسعود سمیت دیگر اہم رہنما شامل تھے۔