سیدرسول بیٹنی
پشاور:وزیر اعظم پاکستان کے معاون خصوصی ارباب شہزاد نے خیبرپختونخوا میں شہریوں کو فوری خدمات فراہم کرنے والے محکموں کے اہلکاروں میں ایوارڈز تقسیم کئے۔ تقریب میں خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت پر عوام کا اعتماد بحال ہورہا ہے۔
انہوں نے ان خیالات کا اطہار خدمات تک رسائی کے حوالے سے اور صوبائی محکموں کی کارکردگی کے اعتراف اور عوام کو بروقت خدمات فراہمی کی عرض سے خیبر پختونخوا رائٹ ٹو سروس کمیشن کی جانب سے "پبلک سروس ڈے” کے نام سے منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ گڈ گورننس اور شہریوں کی خدمات تک رسائی ہی کی بدولت عوام کا حکومت پر اعتماد مزید بہتر ہوسکتا ہے۔ تمام محکموں کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو بروقت اور معیاری خدمات فراہم کریں۔ انہوں نے خیبر پختونخوا کے رائٹ ٹو سروس کمیشن کی کارکردگی کو سراہا اور پاکستان کے دوسرے صوبوں میں بھی رائٹ ٹو سروس کمیشن قائم کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔
تقریب میں وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے ایسٹبلیشمنٹ ارباب شہزاد، رائٹ ٹو سروس کمیشن کے چیف کمشنر محمد سلیم خان، کمشنر ون محمد فہیم، کمشنر ٹو حضرت محسود میاں، سیکرٹری رائٹ ٹو سروس محمد روزخان، کمیشن کے سابقہ چیف کمشنرز عظمت حنیف اور مشتاق جدون کے علاوہ کمیشن کو تکنیکی معاونت فراہم کرنے والے ادارے جی آئی زیڈ کے عہدیدار اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران رائٹ ٹو سروس کمیشن (آرٹی ایس) کے جانب سے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں شہریوں کو خدمات فراہم کرنے والے محکموں کی بہترین کارکردگی کے اعتراف میں ایوارڈز دیئے گئے۔
چیف کمشنر آرٹی ایس محمد سلیم خان نے تقریب کے شرکاء کو کمیشن کی کارکردگی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا شہریوں کو معیاری اور فوری خدمات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، خدمات تک رسائی کو یقینی بنانے کے عرض سے 2014 میں ایک ایکٹ کے تحت آرٹی ایس کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا۔ اس وقت کمیشن صرف 7 خدمات تک رسائی دے رہا تھا جبکہ اس وقت آر ٹی ایس 43 مختلف نوعیت کے خدمات تک رسائی مہیا کررہاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی محکمے کی جانب سے شہریوں کو خدمات کی فراہمی میں کوتاہی کی صورت میں جہاں کمیشن متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لاتی ہے وہی کمیشن عمدہ کارکردگی کی صورت محکمہ اور متعلقہ اہلکار کو تعریفی سند اور ایوارڈ بھی دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت بہترین طرزحمکرانی قائم کرنے کے لئے کوشاں ہے۔ کم ہی عرصے میں کمیشن نے 3 لاکھ سے زائد عوامی شکایات کو بروقت حل کیا۔ چیف کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں آر ٹی ایس دفاتر یا نمائندگان موجود ہیں جوکہ ہر وقت شہریوں کی رہنمائی کے لئے موجود ہوتے ہیں۔