پشاور:نوجوان نسل کو متحرک بنانے اور اُن کو ٹوارزم انڈسٹری سے آشنا کرنے کیلئے “پانچ روزہ مطالعاتی دورہ 7 جولائی سے شروع ہوگا جو کہ 11 جولائی تک جاری رہے گا۔
سیاحت کیلئے کوشاں "پاک ٹریولاگ” کی طرف سے ترتیب شدہ سیاحتی دورے کا عنوان "پیس ترو ٹوارزم ” رکھا گیا ہے جس میں ملک بھر سے زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے نوجوان طلباء وطالبات حصہ لے سکتے ہیں جہاں شرکاء کو ٹوارزم کے بارے میں آگاہی دی جائیگی۔
پانچ روزہ سیاحتی دورے میں شرکاء کو شمالی علاقہ جات کی خوبصورت مقامات ہنزہ،خنجراب اور فیری میڈوز کے سیاحتی اور مطالعاتی دورے کرائے جائیں گے۔اس کے علاوہ ٹور میں انٹریکٹیو سیشنز،گروپ ورک،کلچر اینڈ بار بی کیو نائٹ،ہائکنگ اور دوسرے تخلیقی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔
ٹور کے آرگنائزر اور "پاک ٹریولاگ” کے سی ای او جہانگیر عالم نے ”دی پشاور پوسٹ” کو بتایا کہ ٹور کا مقصد نوجوان نسل کو سیاحت کی اہمیت کا احساس دلانا اور اُنھیں ٹوارزم انڈسٹری سے متعارف کرانا ہے۔