پشاورعوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ خواتین کا عالمی دن منانے کا مقصد دنیا بھر میں رہنے والی تمام خواتین کو معاشرے میں ان کا جائز مقام دلانے کی کوشش کرنا ہے تا کہ وہ بھی برابری کی بنیاد پر باعزت زندگی گزار سکیں .
عالمی یوم خواتین پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ آج بھی دنیا بھر اور خصوصی طور پر تیسری دنیا کے اکثر ممالک میں خواتین اپنے بنیادی حقوق سے محروم ہیں ، انہوں نے کہا کہ اے این پی واحد سیاسی جماعت ہے جس کا کوئی الگ خواتین ونگ نہیں بلکہ نہ صرف بنیادی تنظیم سے لے کر مرکزی تنظیم اور اداروں میں خواتین کو کثیر تعداد میں شریک کیا گیا ہے بلکہ پارلیمانی سیاست میں قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی مناسب حصہ دیا گیا ہے کیونکہ یہ سوچ ہمیں باچا خان بابا اور ولی خان بابا سے ورثے میں ملی ہے .
انہوں نے کہا کہ خواتین صدیوں سے روایتوں کی چکی میں پس رہی ہیں اور رسم و رواج کی زنجیروں میں بندھی اب بھی اپنی شناخت کی تلاش میں ہیں، انہوں نے کہا کہ 1977میں اقوام متحدہ نے پہلی بار باقاعدہ طور پر خواتین کے حقوق اور ان کا عالمی دن منانے کیلئے 8مارچ کا دن مخصوص کیا جبکہ اقوام متحدہ کی جانب سے ہر سال اس دن کیلئے خاص موضوع کا انتخاب کیا جاتا رہا ہے .
اسفندیار ولی خان نے کہا کہ خواتین کو اپنے حقوق سے مکمل آگاہی کی ضرورت ہے کیونکہ لاعلمی کی وجہ سے ان کے حقوق غصب کئے جاتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک دن ہی نہیں بلکہ معاشرے کو اعلیٰ مقام تک پہنچانے کیلئے ہمیں سال بھر خواتین کے حقوق دلانے کی ضرورت ہے تا کہ ایک ترقی یافتہ جدید اور برابری کی بنیاد پر معاشرے کا قیام جلد سے جلد ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ انسانیت کی بنیاد پر عورت اور مرد انسان ہیں اور ہر انسان کے بنیادی حقوق ہوتے ہیں،خواتین کو جدید خطوط پر معاشرے میں فعال کردار ادا کرنے کیلئے ابھی بہت سے اقدامات اٹھانے باقی ہیں جس کیلئے بھرپور جدوجہد کی ضرورت ہے اور اے این پی اس جدوجہد میں فعال کردار ادا کرے گی۔ جدید دور کے شعور کے مطابق عورت اورمردمعاشرتی ،اقتصادی ترقی میں مساوی حصہ رکھتے ہیں اور تمام امور میں برابر کے شریک ہیں اور ان کی شرکت کے بغیر ترقی اور خوشحالی کا حصول ممکن نہیں۔
اسفندیار ولی خان نے کہا کہ ستر سال گزرنے کے باوجود پاکستان میں خواتین کی تعلیم ، صحت اور تحفظ کی صورتحال تشویش ناک ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ خواتین پر مشتمل ہے اور ملکی ترقی کیلئے انہیں تعلیم اور یکساں مواقع فراہم کرنے کی اشد ضرورت ہے،پاکستان کی خواتین کسی طرح بھی صلاحیتوں میں دوسرے ممالک کی خواتین سے کم نہیں ہیں.
انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ خواتین کو مردوں کے برابر حقوق دیئے ہیں ‘ اور یہی وجہ ہے کہ خواتین نے ہر دو ر میں اے این پی پر بھر پور اعتماد کا اظہار کیا ہے ‘انہوں نے کہاکہ پختون خواتین نے ہر دور میں مردوں کے شانہ بشانہ جدوجہد کی ہے جو تاریخ کا انمٹ باب ہے ‘ عوامی نیشنل پارٹی نے آٹھ سو سے زائد شہداء کا نذرانہ پیش کرکے قوم کی بچیوں کا مستقبل بچایا اور آج صوبے بھرمیں خواتین اگر آزادی سے اپنی سر گرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں تو یہ انہی شہداء کے خون کے طفیل ہے‘ انہوں نے کہا کہ خواتین کو حقوق دیئے بغیر کوئی بھی جدوجہد کامیابی سے ہمکنار نہیں ہوسکتی ۔