پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان نے ہر وعدے پر یوٹرن لیا اور وہ ہر الیکشن سے پہلے ایک نئے جھوٹ کے ساتھ آ جاتے ہیں۔
گلگت بلتستان کے ضلع گانچھے میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے 2018 کے منشور میں گلگت بلتستان کی کوئی بات نہیں تھی لیکن اب الیکشن قریب آ رہا ہے تو انہوں نے گلگت بلتستان کے لیے صوبے کا لولی پاپ تیار کر لیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب سے پوچھیں عمران خان نے الیکشن سے پہلے انہیں بھی صوبے کا لولی پاپ دیا تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تبدیلی نہیں تباہی ہے اور ہمیں گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو اس تباہی سے بچانا ہے۔