پشاور:وزیراعلی خیبرپختونخوا کے مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیااللہ بنگش کی زیرصدارت گزشتہ روز خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ میں منعقدہ ایک تقریب میں صوبے کے نوجوانوں کے لئے ای کامرس اینڈ ایس ڈی جیز میں دو مہینوں پر محیط ڈپلومہ کورس پروگرام کا باقاعدہ طور پر آغاز کردیا گا۔
افتتاحی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ڈپلومہ پروگرام انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور سنٹرل انفارمیشن ٹیکنالوجی کے باہمی اشتراک سے شروع کیا گیا جس کے تحت صوبے کے 500 نوجوانوں کو ای کامرس اور ایس ڈی جیز کی تربیت دی جائے گی۔
تقریب میں سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی مختیار احمد، قائم مقام ایم ڈی آئی ٹی بورڈ عاصم جمشید، ای پاکستان کے بانی عمار جعفری اور آئی ٹی بورڈ کے دوسرے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔
اپنے خطاب کے دوران مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیااللہ بنگش کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو باہنر بنانے اور ان کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لئے یہ ڈپلومہ کورس مفت کرایا جا رہاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ای کامرس کی تربیت سے نوجوانوں اپنا ذاتی کاروبار شروع کرنے کے اہل ہونگے،آئی ٹی بورڈ کے یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام، درشل اینکوبیشن سنٹرز، ورک آراونڈ اور وومن ایمپاورمنٹ تھرو ڈیجیٹل سکلز پروگرام ایسے منصوبے ہیں جس کی بدولت صوبے کے نوجوان براہ راست مستفید ہورہے ہیں۔
مشیر برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت صوبے میں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کے لئے تمام اداروں سے بھرپور تعاون کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تربیتی پروگرام آئی ٹی بورڈ کے یوتھ ایمپلائمنٹ پروگرام کے جھنڈے تلے شروع کیا گیا ہے جس میں حصہ لینے کے لئے 1500 سے ذائد درخواستیں موصول ہوچکی ہیں۔ جس میں ابتدائی طور پر 500 نوجوانوں کو ماہرین آن لائن کورس پڑھائیں گے۔
ضیااللہ بنگش نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اس بہترین پروگرام سے مستفید ہوکر وزیراعظم پاکستان کے ڈیجیٹل پاکستان منصوبے کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کریں۔