28ویں قومی کھیل:خصوصی افراد کے دلچسپ مقابلوں کا آغاز

171b5d91-a365-4f21-8334-9f42bbf93933-e1601054286973.jpg

پشاور: وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم واطلاعات کامران بنگش نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے خصوصی اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں، صوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ پی ایس ایل میچیز کا انعقاد ہو، صوبے میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے بین الاقوامی معیار کےمطابق ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی بحالی کا کام جاری ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات اور اعلی تعلیم کامران بنگش نے قیوم سپورٹس کمپلیکس میں 28ویں قومی کھیل برائے خصوصی افراد کے افتتاح کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مہمانوں کی سرزمین پر تمام کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیر اہتمام پشاور میں مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد کے لئے 28 ویں قومی کھیل قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں رنگارنگ تقریب کے ساتھ شروع ہوگئی ، گیمز میں ملک بھر سے 700 سے زائد مردوخواتین کھلاڑی44 مختلف گیمز میں شرکت کررہے ہیں۔

اس موقع پر سابق ورلڈ چیمپئن جان شیر خان ،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا اسفندیارخان خٹک ، ڈائریکٹر سپورٹس فیمیل رشیدہ غزنوی، ڈائریکٹرآپریشن سید ثقلین شاہ ، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس عزیزاﷲ،اے آئی پی ایس ایشیاء کے سیکرٹری جنرل امجد عزیز ملک، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس طارق خان ، اے ڈی اکائونٹس امجد خان ، ،سابق ڈائریکٹر سپورٹس طارق محمود،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ نعمت اﷲ مروت، اے ڈی سپورٹس ذاکراﷲسمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ملک کے مختلف علاقوں سے آئے کھلاڑیوں کو مہمانوں کی سرزمین پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کیلئے حکومت خصوصی اقدامات اُٹھارہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کی خواہش ہے کہ صوبے میں پی ایس ایل میچیز کا انعقاد ہو۔صوبے میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے بین الاقوامی معیار کےمطابق ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم پر بحالی کا کام جاری ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اعلیٰ تعلیم واطلاعات کامران بنگش نے کھلاڑیوں کا خیر مقدم کیا اور ڈائریکٹوریٹ سپورٹس کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت گیمز میں شریک کھلاڑیوں کو تمام سہولیات دے رہی ہے معاشرے کے تمام طبقات کو برابر کے مواقع دیئے جارہے ہیں خصوصی کھلاڑی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں وہ معاشرے میں کسی سے پیچھے نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں کچھ وجوہات کی بناء پر صوبے کا امیج متاثر ہوا تھا اب کھیل، صحت، تعلیم اور دیگر سرگرمیوں کے ذریعے دنیا بھر کو امن کا پیغام دے رہے ہیں جبکہ صوبے کا اصل چہرہ سامنے لا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر سے خصوصی کھلاڑیوں کی 47 ایونٹس میں شرکت خوش آئندہے پاکستان کے نوجوان باہمت ہیں وہ ہر شعبے میں مشکلات کو ایک طرف رکھتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں ، یہ سارے پاکستان کے گیمز ہیں اس میں کوئی ہار جیت نہیں گیمز سے صوبے کا امن، ثقافت ، کھیل فروغ پائیں گے، نوجوانوں کو ہر شعبے میں مواقع دیکر صوبے کی ری برانڈنگ کی جارہی ہے۔

ڈائریکٹرجنرل سپورٹس اسفندیارخان خٹک نے کہاکہ 25تا27ستمبر قیوم سٹیڈیم پشاور میں ہونیوالے ان گیمزمیں صوبہ سندھ،پنجاب،بلوچستان،خیبر پختونخوا،گلگت بلتستان ،آزاد کشمیر سے کھلاڑی شرکت کررہے ہیں۔

ڈائریکٹر آپریشنز سیدثقلین شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال یہ مقابلے ایبٹ آباد میں منعقد کرائے تھے اور امسال پشاور میں کھیلے جارہے ہیں۔یقیناً اس سے صوبے میں مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد کی حوصلہ آفزائی ہوگی اور انہیں ایک صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم ہونگے۔انہوںنے کہا مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد اس معاشرے کے شہری ہیں ہمیں انکی ہر موڑ پر سرپرستی اور رہنمائی کرنی چاہئے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top