پشاور:وزیراعلی خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر معاون خصوصی برائے اطلاعات و بلدیات کامران بنگش نے ترقیاتی ٹھیکوں میں شفافیت لانے کی جانب اہم قدم اٹھاتے ہوئے ترقیاتی کاموں کے ٹھیکوں میں ای بڈنگ سسٹم کا آغاز کر دیا ہے۔
میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں ای بڈنگ نظام بارے تفصیلات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پشاور ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ترقیاتی ٹھیکوں میں شفافیت لانے کے لیے ای بڈنگ سسٹم کا آغاز کیا ہے، نئے سسٹم کی تحت حیات آباد ڈیٹور فیز ٹو کی الیکٹرانک نیلامی بھی کر دی گئی جو ڈیڑھ ارب روپے کی لاگت سے مختصر ترین وقت میں مکمل ہونے والا اہم ترین منصوبہ ہو گا۔
معاون خصوصی کامران بنگش نے مزید کہا کہ مذکورہ منصوبے کا افتتاح عنقریب وزیراعلی محمود خان کریں گے۔ اس ذیلی شاہراہ سے حیات آباد میں بھاری گاڑیوں کے داخلے اور ماحول دوست ٹریفک نظام کے قیام میں مدد ملے گی۔
ای بڈنگ کی افادیت و اہمیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے واضح کیا کہ ای گورننس کی جانب صوبہ بڑھ رہا ہے تاکہ عوامی امور بروقت و تیزی سے حل ہو۔ ای بڈنگ جیسے اقدامات کی بدولت ٹھیکیدار دفاتر کے چکر لگانے بغیر میرٹ پر ٹھیکے لیں گے اور ترقیاتی منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خدمات کی بہترین فراہمی ای گورننس سے ممکن بنا رہے ہیں جس سے نہ صرف محکمہ بلدیات کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی جبکہ کرپشن و رشوت کا قلع قمع ہوگا۔