یونس خان
پاکستان کمیونٹی فورم آسٹریا کے زیر انتظام یوم آزادی اور عید ملن پارٹی کے حوالے سے میلے کا انعقاد کیا گیا جس میں کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ چھوٹی بچیوں نے ملی نغمے اور پاکستان کے مختلف ثقافتی رنگوں کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ پیش کیا ۔
تقریب میں لوک گیت اور پاکستان کے مختلف علاقائی لباسوں کی شاندار نمائش نے خوب داد وصول کی۔ جشن آزادی میلے کے پہلے سیشن میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بچوں نے ملی نغمے اور مختلف پرفارمنس کا مظاہرہ کیا۔
پاکستان کمیونٹی فورم آسٹریا کے صدر ندیم خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمیونٹی کی جانب سے بھرپور تعاون پر ان کا شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ اس بار ہم نے اس میلہ کو کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے طور منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر پاکستان کمیونٹی فورم آسٹریا کی جانب سے مختلف شخصیات کو انکی خدمات کے بدولت ایوارڈز پیش کئے گئے۔
کمیونٹی کے افراد کا کہنا تھا کہ پاکستان کمیونٹی فورم آسٹریا کی جانب سے میلہ انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ بھرپور طریقے سے منانے کا اہتمام کیا گیا تھا اور آنے والے تمام افراد اور فیملیز نے اس میلے سے بھرپور انجوائے کیا اور پاکستان کی یادیں تازہ کیں جس پر وہ پاکستان کمیونٹی فورم آسٹریا کے کارکنان کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے میلوں کے انعقاد سے آسٹریا میں رہنے والے پاکستانی کمیونٹی کی نئی نسل کو اپنے ملک اور ثقافت کے بارے میں آگاہی حاصل ہو گی ۔ کشمیر کلچر سنٹر کے نعیم خان پاکستان کمیونٹی فورم آسٹریا کے چئیرمین لالہ محمّد حسین خان تبسم , جنرل سیکٹری عمران مغل اور ایم ایم ڈی منصوری نے کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا جنکی وجہ سے یہ پروگرام کامیاب ہوا