پشاور:عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے سینئر قانون دان عبدالطیف آفریدی کی پارٹی کی بنیادی رکنیت بحال کردی۔
ہفتہ کے روز باچاخان مرکز پشاور میں سینئر قانون دان عبدالطیف آفریدی نے اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان سے ملاقات کی ۔
ملاقات میں بزرگ رہنما حاجی غلام احمد بلور، صوبائی سینئر نائب صدر خوشدل خان، صوبائی جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک، این وائی او کے صوبائی صدر طارق افغان اور سینئر قانون دان رضاءاللہ ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔
اس موقع پر دونوں رہنماﺅں کے درمیان گلے شکوے دور ہوگئے اور عزم کیا کہ قومی تحریک کو مل کر مزید مضبوط بنائیں گے۔
اے این پی کے صوبائی صدرایمل ولی خان نے کہا کہ پختون قوم کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے اور پختونوں کی ترجمان جماعت ہونے کے ناطے اے این پی ہر فورم پر اپنے حقوق کیلئے توانا آواز اٹھاتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کو ریلیف پہنچانے میں ناکام ہوچکی ہے اور اے این پی کسی بھی دباﺅ میں آئے بغیر صوبائی حقوق پر خاموش حکمرانوں کے خلاف ہر فورم پر جائے گی۔