تعلیم یافتہ نوجوانوں کو آئی ٹی سے فائدہ اٹھانا ہوگا،ضیاء اللہ بنگش

108128678_1936143543183729_7454371071845186143_n.jpg

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاءاللہ بنگش نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق ڈیجیٹل پاکستان کا خواب جلد پورا ہوگا جس کے لیے خیبر پختونخوا کی سطح پر بھی بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 

یہ انکشاف انہوں نے منگل کے روز ایبٹ آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں خیبرپختونخوا حکومت کی معاون کمپنی "درشل” کی گریجویشن تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہری پور میں ڈیجیٹل سٹی قائم کیا جارہا ہے جس کی بدولت گوگل،فیس بک اور یوٹیوب کے دفاتر اور دیگر سہولیات بھی یہاں دستیاب ہوگی جبکہ ایبٹ آباد میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پارک اور ٹیکنالوجسٹ اسٹیٹ قائم کی جارہی ہے۔

آئی ٹی صوبائی مشیر ضیاء اللہ بنگش نے بتایا کہ ضم شدہ اضلاع سمیت صوبے کے تمام علاقوں میں انٹرنیٹ سروس جلد مہیا کی جائے گی کیونکہ آنے والا وقت انٹرنیٹ کا ہے جس میں تمام خدمات اور معاشیات انٹرنیٹ کی مرہون منت ہوگی اور صوبائی حکومت نے اس چیلنج سے نمٹنے اور صوبے کے عوام کو جدید دنیا کے برابر کھڑا کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات کئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت "درشل” جیسے اداروں کی مدد اور معاونت سے نوجوانوں کو ڈیجیٹل تعلیم سے آراستہ کر کے ان کے لیے یقینی روزگار کے مواقع پیدا کر رہی ہے اور نوجوانوں کو آئی ٹی کی جانب راغب کرنے کے لیے کورس کے ساتھ مالی گرانٹ بھی دی جا رہی ہے۔

ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والی بیرونی کمپنیوں کو ہرضروری سہولت دینے کی ہدایت کر رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ملک سابق حکمرانوں کی غیر سنجیدگی کی بدولت آئی ٹی میں بہت پیچھے رہ گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان بر سر اقتدار آتے ہی ڈیجیٹل پاکستان کا ویژن دیا تھا جس پر ہم سب کام کر رہے ہیں۔ خیبرپختونخوا حکومت تمام ریجن پر الگ الگ توجہ دے رہی ہے۔ ہماری حکومت کی کوشش ہے کہ ڈویژن کی سطح پر پورے صوبہ میں انٹرنیٹ کی سہولیات میسر ہوں۔

ضیاء اللہ بنگش نے کہا کہ انشاء اللہ ایک سال میں یہ سہولیات فراہم کر دی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹورزم کو ہزارہ میں ایک ساتھ ترقی دے رہے ہیں۔صوبے میں جہاں جہاں نیٹ ورکس کا مسئلہ ہے اس کو ٹھیک کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ انٹرنیٹ کی سہولت کی دستیابی بھی پاکستان تحریک انصاف کا وژن ہے۔

اس موقع پر سی او آئی ٹی ٹیکنیکل بورڈ، سی او ٹیک ویلی عمر فاروق،قیصر عباسی اور کورس مکمل کرنے والے گریجویٹ طلباء اور طالبات نے بھی مشیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو اپنے اپنے کام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔آخر میں مشیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کورس مکمل کرنے والے گریجویٹس میں سرٹیفکیٹس اور رقوم کے چیک تقسیم کئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top