سیدرسول بیٹنی
پشاور:پشاور یونیورسٹی ٹیچرز ایسوسیشن (پیوٹا) کے صدر ڈاکٹر فضل ناصر نے کہا کہ کورنا سے بچنے کیلئے صفائی اور احتیاط کی ضرورت ہے،لاک ڈاؤن کے اس ماحول میں بچوں کی دیکھ بھال اور صفائی پر خاص توجہ دینا چاہئے۔
انہوں نے خیالات کا اظہار جامعہ پشاور کے شعبہ سوشل ورک کے زیر اہتمام ہائیجن ڈرائیو کے نام سے منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا جس میں جامعہ پشاور کے کلاس 3 اور کلاس 2 کے ملازمین کے 350 خاندانوں میں صابن تقسیم کئے گئے۔ شعبہ سوشل ورک نے حفظان صحت مہم کو آگے بڑھانے کے لئے پشاور یونیورسٹی اساتذہ ایسوسی ایشن (پیوٹا) اور ہیلپنگ ہینڈ فار ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ ، اسلام آباد سے اشتراک کیا۔
سوشل ورک کے طلباء نے بچوں میں صابن تقسیم کئے اور ساتھ ہی انہیں یہ طریقہ بھی سکھایا گیا کہ ہاتھوں کو کس طرح دھویا جاتا ہے۔انہوں نے کمیونٹی کے ممبروں کو 20 سیکنڈ تک ہاتھ دھونے اور سماجی دوری برقرار رکھنے کا احساس اُجاگر کیا۔
تقریب میں پیوٹا کے صدر ڈاکٹر فضل ناصر،جی ایس ڈاکٹر ذاکراللہ جان،میڈیا سیکرٹری ڈاکٹر محمد فاروق،چیئرمین شعبہ سوشل ورک ڈاکٹر شکیل احمد، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر ابرار اور لیکچرر آصف خان کے ساتھ ساتھ کویڈ 19 ہائیجین ڈرائیو میں سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ کے طلباء نے شرکت کی.
تقریب کے مہمان خصوصی پیوٹا کے صدر ڈاکٹر فضل ناصر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے اگر ہم حفظان صحت اور صفائی کے اصولوں پر عمل کریں تو ہم اپنے آپ کو بہت سی بیماریوں سے محفوظ رکھ سکتے ہیں۔
چیئرمین شعبہ سوشل ورک ڈاکٹر شکیل احمد نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کو ہاتھ دھونے کی عادت سکھانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ انہیں مختلف بیماریوں سے قبل از وقت بچایا جا سکے۔
اس موقع پر بچوں نے مختلف سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اساتذہ نے خود کو صاف رکھنے اور کھانا کھانے سے پہلے ہاتھ دھونے کے شوق میں بچوں نے جراثیم کو مار بھگانے کے عزم کے ساتھ ہاتھ دھونے کی مشق بھی کی۔
اساتذہ کا کہنا ہے بچوں کو ہاتھ دھونا سکھانا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ انہیں مختلف بیماریوں سے قبل از وقت بچایا جا سکے۔