اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 15سے 30 روپے تک کمی کردی جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 15 روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 81 روپے 58 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 27 روپے 15پیسے کمی کے بعد80 روپے 10 پیسےفی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں سب سے زیادہ 30.01 روپے کمی کی گئی ہے جس کے بعد مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 77.45 سے کم ہوکر 47.44 روپے ہوگئی۔
ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج سے شروع کردیا گیا ہے۔
لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 15 روپے کمی کی گئی ہے اور نئی قیمت 47.51روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تاریخ کی کم ترین سطح پر آگئی ہیں جس کے بعد سے حکومت سے مطالبہ کیا جارہا تھا کہ وہ فوری طور پر عوام کو ریلیف فرام کرے۔
اس سے قبل 25 مارچ کو بھی وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر پیٹرول اور ڈیزل 15 روپے فی لیٹر سستا کرنے کا اعلان کیا تھا۔