سفید احمد
صوابی : عوامی نیشنل پارٹی ضلع صوابی کے انٹرا پارٹی الیکشن میں حاجی صدر امان اللہ خان کاکا صدر، نواب زادہ جنرل سیکرٹری، حاجی غلام حقانی سینئر نائب صدر ، وارث حان نائب صدر، ایڈیشنل سیکرٹری ایاز شعیب خان نئے کابینہ کیلئے منتخب ہوگئے ہیں۔
انتخابی اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور رکن صوبائی اسمبلی سردار حسین بابک مہمان خصوصی تھے، جس کے زیر نگرانی ضلعی کابینہ کا انتخابی اجلاس ہوا۔انتخابی اجلاس میں صوبائی و ضلعی الیکشن کمیشن کے ممبران ، ضلع کونسل ممبران سمیت کثیر تعداد میں عمائدین و مشران بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اس موقع پر صوبائی و ضلعی الیکشن کمیشن کی زیر نگرانی ضلعی کابینہ کے انتخاب کیلئے پولنگ کا عمل ہوا جس میں حاجی امان اللہ 262ووٹ لے کر اے این پی صوابی کے صدر اور 221ووٹوں کے ساتھ نوابزادہ لالہ جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے ،دیگر عہدوں پر انتخاب میں غلام حقانی نے261ووٹ حاصل کئے ، نائب صدر اول حمید اللہ240ووٹ،نائب صدر دوم وارث خان288ووٹ،ایڈشنل جنرل سیکرٹری ایاز خان نے279ووٹ حاصل کئے ، رئیس خان اے این پی صوابی کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری ، سجاد خان جائنٹ سیکرٹری ،خالد خان سیکرٹری اطلاعات اور سید مقبول شاہ سیکرٹری ثقافت منتخب کر لئے گئے.
اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک نے انتخابی اجلاس سے خطاب کے دوران کہا کہ عوامی مسائل سے غافل حکمران اپوزیشن رہنماؤں کی وجہ سے خوف میں مبتلا ہیں اور انہیں راستے سے ہٹانے کیلئے نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
سردار حسین بابک نے نو منتخب صدر ، جنرل سیکرٹری اور دیگر کابینہ ممبران کو ان کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی میں جمہوری عمل ہر سال بعد دہرایا جاتا ہے جس میں کارکن وارڈز کی سطح سے مرکز تک اپنے نمائندے منتخب کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اے این پی واحد سیاسی جماعت ہے جو جمہوری اقدار پر یقین رکھتی ہے اور روز اول سے جمہوریت کی بالادستی کیلئے میدان عمل میں موجود رہی ہے.
انہوں نے مزید کہا کہ اے این پی کا مؤقف اس حوالے سے واضح ہے کہ احتسابی اداروں سمیت ملک کے تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنا چاہئے،انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل جمہوریت کے بغیر ممکن نہیں اور عوام جمہوری اداروں کے استحکام و جمہوریت کے فروغ پر یقین رکھتے ہیں لیکن بد قسمتی سے گزشتہ انتخابات میں عوام کی حقیقی نمائندگی پر ڈاکہ ڈال کر غیر منتخب افراد کو مسلط کر دیا گیا جنہوں نے اپنی غیر سنجیدگی کے باعث عوام کے مسائل میں کمی کی بجائے بے پناہ اضافہ کر دیا.
سردار بابک نے مزید کہا کہ مہنگائی کے سونامی نے صوبے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ،ٹیکسوں کی بھرمار اور بے روزگاری نے عوام کو خود کشی پر مجبور کر دیا ہے.
انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈال کر اقتدار تک پہنچنے والے غیر منتخب لوگ ملک میں صدارتی نظام کی راہ ہموار کرنے کیلئے منظم سازش میں مصروف ہیں، انہوں نے واضح کیا کہ اے این پی ایسی کسی بھی سازش کے خلاف بھرپور مزاحمت کرے گی ۔