اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو ان کے عہدے سے ہٹادیا گیا ہے اور ان کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی اطلاعات بنایا جائے گا۔
عاصم سلیم باجوہ اس وقت چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اتھارٹی کے چیئرمین کے عہدے پر کام کررہے ہیں۔
اس سلسلے میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے بتایا کہ سینیٹ میں قائد ایوان شبلی فراز کو وزیر اطلاعات و نشریات بنایا گیا ہے جبکہ پاک فوج کے سابق ترجمان لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کو معاون خصوصی برائے اطلاعات بنایا گیا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ان دونوں پر مشتمل ٹیم بہترین کام کرے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد فواد چوہدری کو ہی وزارت اطلاعات و نشریات کا قلمدان ملا تھا تاہم بعد میں ان سے یہ وزارت واپس لے کر فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی اطلاعات بنادیا گیا تھا۔
فردوس عاشق اعوان کی تقرری پر فواد چوہدری نے تنقید بھی کی تھی اور کہا تھا کہ منتخب لوگوں کو غیر منتخب لوگوں سے تبدیل کرنا ٹھیک نہیں۔