ڈیرہ اسماعیل خان: جنوبی وزیرستان کے سینئر انقلابی صحافی و بابائے صحافت سیلاب خان محسود طویل علالت کے بعد اسلام آباد کے نجی ہسپتال انتقال کرگئے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق نماز جنازہ بروز جمعہ برکی ٹاون ڈیرہ اسماعیل خان میں دن 2بجے بعد از نماز جمعہ ادا کیا جائیگا اور آبائی قبرستان میں سپردخاک کیا جائے گا۔
مرحوم سیلاب خان محسود ایڈیشنل آئی جی خیبر پختونخواہ و سابق کمانڈنٹ ایف سی امیر حمزہ محسود کے بھائی تھے۔ مرحوم نے سوگواران میں 5 بچے اور بیوہ چھوڑی ہے۔ سینئر قبائلی صحافی سیلاب خان محسود مرحوم جنوبی وزیرستان سمیت قبائلی اضلاع جیسے صحافت کیلئے مشکل ترین علاقوں میں انقلابی صحافت میں اپنا خاصہ رکھتے تھے۔
مرحوم نے اپنے قلم کے ذریعے جنوبی وزیرستان کے مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتے ہوئے نہ صرف پاکستان بلکہ بین الاقوامی میڈیا میں بھی خوب نام کمایا۔
سیلاب خان محسود نے قبائل کی صحافتی تاریخ میں پہلی مرتبہ قبائلی صحافیوں کو منظم کرنے اور ان کے مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے ٹرائبل یونین آف جرنلسٹس کی بنیاد رکھی تھی۔ سیلاب خان محسوم قومی صحافتی اداروں کے ساتھ ساتھ بی بی سی سمیت دیگر بین الاقوامی میڈیا اداروں سے بھی منسلک رہے۔