پشاور : جامعہ پشاور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف خان نے افغانستان سے آئے ہوئے تین رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامعہ پشاور اپنے تاریخی ورثہ کا ادراک رکھتے ہوئے افغانستان کی نوجوان نسل کی اعلی تعلیم کی کوششوں میں اپنا کردار مسلمہ طور پر ادا کرنا چاہتی ہے اور ایسی شراکت داری جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعلیمی وفود کا تبادلہ ہو وہ خوش آئند ہے۔
اس موقع پر رنڑا یونیورسٹی کابل سے آئے ہوئے وفد میں تین رکنی وفد یونیورسٹی کے وائس چانسلر و صدر ڈاکٹر مصطفی سعیدی سمیت پرووسٹ اور اکیڈیمک آفیسر شامل تھے اس موقع پر وفد نے رنڑا یونیورسٹی کی مستقبل قریب میں ہونے والی سٹیریجک پلاننگ اور اکیڈیمک پروگرامز میں جامعہ پشاور سے تعلیمی تعاون کی گزارشات بھی پیش کئیں ۔
وفد نے اس موقع پر دو طرفہ طلباء وفیکلٹی کے وفود کے تبادلے ، تحقیقی شعبوں میں تعاون پر بھی اتفاق کیا ۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمد ابرار ، پی اینڈ ڈی سے اطہر حسین اور محمد عزیر نے بھی ملاقات میں شرکت کی ۔
ماہر تعلیم اور شعبہ سوشل ورک کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد ابرار نے آئے ہوئے وفد کے متعلق دی پشاور پوسٹ کو بتایا کہ ایسے تعلیمی دوروں سے دونوں ممالک کے شعبہ تعلیم سے منسلک لوگوں کو آپس میں ملنے بیٹھنے کا موقع ملے گا جس سے مشترکہ تعلیمی فضا قائم ہوگی جوکہ خطے میں پائیدار امن کے حصول کیلئے مدد گار ثابت ہوگا۔