افغانستان کا امن پاکستان کے استحکام سے جڑا ہوا ہے،آفتاب احمد شیرپاؤ

aftab-ahmed-khan-sherpao-1024-e1555093840757.jpg

پشاور:قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے اشرف غنی کو افغانستان کے صدارتی انتخابات میں دوبارہ کامیابی پر مبارکباد پیش کی ہے۔انھوں نے کہا کہ ان کی دوبارہ کامیابی سے جنگ سے تباہ حال ملک میں امن کیلئے جاری کوششوں کو تقویت ملے گی۔

میڈیا کو جاری اپنے ایک بیان میں آفتاب شیرپاؤ نے کہا کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کے بعد صدر اشرف غنی افغانستان میں تمام فریقین کے ساتھ امن کی بحالی کیلئے بات چیت کریں گے۔انھوں نے کہا کہ ہم دل کی گہرایوں سے اشرف غنی کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

انھوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اب اشرف غنی کی کوششوں اور جدوجہد کی بدولت افغانستان میں نہ صرف امن و استحکام آئے گا بلکہ طالبان اور امریکہ کے درمیان جاری امن عمل کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

قومی وطن پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ افغانستان میں طویل جنگ کی بدولت عوام کو بے تحاشہ مسائل و مشکلات کا سامنا ہے لہٰذا افغانستان میں استحکام لانے کیلئے کسی بھی موقع کو ہاتھ سے جانے نہ دیا جائے۔انھوں نے اسلام آباد پربھی زور دیااور کہا کہ وہ افغانستان میں امن و استحکام لانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا کہ حکومت پاکستان افغانستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے اور دونوں پڑوسی ملکوں کے مابین پائی جانے والی بداعتمادی کے فضا کو دور کرنے کیلئے ٹھوس اور عملی اقدامات اٹھائے۔انھوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کا قیام پورے خطے اور بالخصوص پاکستان کے مفاداور استحکام کیلئے انتہائی ضروری ہے کیونکہ افغانستان کا امن پاکستان کے استحکام سے جڑا ہوا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top