پشاور: مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام محکموں میں ڈیجیٹلایئزڈ اصلاحات متعارف کرکے پیپر لیس ورک شروع کیا جائے گا۔ جس سے عوامی مسائل کی بروقت تکمیل کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع اور کاروباری شخصیات کو بھی سہولیات میسر ہونگی۔ جبکہ دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت کے ذریعے ڈیجیٹل خیبرپختونخوا کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیجیٹل پاکستان کی ٹیم لیڈ تانیہ ادریس کے ہمراہ دورہ ائی ٹی بورڈ کے موقع پر کیا۔ دورے کے دوران مینیجنگ ڈائریکٹر آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر شہباز خان نے شرکاء کو آئی ٹی بورڈ کے زیر انتظام صوبے میں جاری مختلف اقدامات اور منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔
تانیہ ادریس نے خیبر پختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تمام منصوبوں اور اقدامات کو سراہتے ہوئے بیشتر منصوبوں کو ملکی سطح پر شروع کرنے کا عندیہ بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں ڈیجیٹل پاکستان پالیسی کے تحت بنیادی پانچ منصوبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی اور اہداف حاصل کرنے کے لیے وقت مقرر کیا جائے گا۔
مشیر سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاءاللہ خان بنگش نے کہا کہ وفاق کی طرف سے وضع کر ڈیجیٹل پالیسی فوری طور پر صوبے میں نافذالعمل ہوگی جس کے لیے ابتدائی طور پر تمام محکموں کو ڈیجیٹلائز کیا جائے گا جبکہ پیشاور شہر کو ڈیجیٹل سٹی کا درجہ دینے کے ساتھ ساتھ صوبے کے تمام اضلاع میں درشل پروگرامز اور آئی ٹی کے دیگر اہم منصوبوں کی تکمیل یقینی بنائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ یوتھ ایمپاورمنٹ پروگرام ڈیجیٹل سکلز ، ای مارکیٹنگ اور ای پروکیورمنٹ منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ ہماری اکانومی میں بہتری بھی یقینی ہوجائے گی اور عام عوام کو سہولیات بھی میسر ہوگی۔
مینیجنگ ڈائریکٹر خیبر پختونخوا آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر شہباز خان نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ آئی ٹی بورڈ میں ایک علاج،اطلاع ڈیجیٹل ڈیٹا سنٹر سٹیزن facilitation سنٹرز اور کئ اہم منصوبے جاری ہیں جبکہ نوجوانوں کو آئی ٹی کی جدید تربیت کا عمل بھی رواں دواں ہے۔
انہوں نے کہا کہ رشکئ اکنامکس زون اور ٹیکنالوجی سسٹی کے قیام کے لیے منصوبہ بندی کی جا رہی ہے جس کے لیے ہنرمندوں کو تربیت فراہم کر روزگار کے مواقع بھی دیے جائیں گے۔تانیہ ادریس نے آئی ٹی بورڈ کے زیر انتظام ملک کی پہلی سرکاری بی پی او ورک اراؤنڈ اور درشل کا دورہ بھی کیا درشل کے دورے کے موقعے پروہ نوجوانوں اور تربیت حاصل کرنے والے ہنرمندوں سے بھی ملی اور سوال و جواب کا سیشن بھی منعقد کیا گیا۔
دورہ کے اختتام کے موقع پر مشیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش نے تانیہ ادریس کو محکمہ کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔