سفید احمد
پشاور : خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے صوابی میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے شکر گزار ہیں کہ وہ صوابی کے ایک روزی دورے پر یہاں آئے اور اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا آغاز اور افتتاح کیا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسپورٹس گراؤنڈ شیوہ اڈا میں منعقدہ صوابی مردان ڈبل روڈ کی سنگ بنیاد کی تقریب کے بعد جلسہ عام سے خطاب کے دوران کہی۔
جلسہ عام میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سینیٹر لیاقت خان ترکئی، ایم این اے عثمان خان ترکئی، سنیئر صوبائی وزیر عاطف خان اور صوابی سے منتخب ممبران صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔
وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی کا جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام نے ہمیشہ سخت حالات اور مشکلات کا سامنا کیا تاہم اب تاریخ میں پہلی مرتبہ حقدار کو اس کا حق مل رہا ہے۔ صوابی سے منتخب ممبران صوبائی و قومی اسمبلی اپنی عوام کی بہتری کے لیے احسن طریقے سے کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے صرف دعوے کیے جبکہ عملی طور پر کچھ کام نہیں کیا۔ شہرام خان ترکئی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تحریک انصاف اپنی عوام کو اکیلا نہیں چھوڑے گی۔ صوابی مردان ڈبل روڈ کی سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ یہاں کی عوام کی ہمیشہ سے ضرورت تھی۔ آج تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے عوام سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کر دکھایا۔