پشاور ہائی کورٹ کےجج پر نامعلوم افراد کی فائرنگ

197520_7723895_updates-1.jpg

پشاور کے علاقے حیات آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں پشاور ہائیکورٹ کے جج جسٹس محمد ایوب اور ان کا ڈرائیور زخمی ہوگیا۔

ایس پی کینٹ وسیم ریاض کے مطابق حیات آباد فیز 5 میں نامعلوم افراد نے پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد ایوب کی گاڑی کو روک کر چاروں طرف سے فائرنگ کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جسٹس محمد ایوب کی گاڑی پر پستول اور کلاشنکوف سے فائرنگ کی گئی جس میں پشاور ہائیکورٹ کے جج اور ان کا ڈرائیور زخمی ہوا جنہیں حیات آباد میڈیکل کمپلکس منتقل کیا گیا ہے۔

حیات آباد میڈیکل کمپلیکس انتظامیہ کے مطابق ڈرائیور کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ نے جسٹس محمد ایوب کی عیادت کی جس کے بعد ان کا کہنا تھا کہ جسٹس محمد ایوب کے بازو پر ایک گولی لگی تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ نے کہا کہ پولیس کو حملہ آوروں کی جلد گرفتاری کا کہا ہے، جلد تفتیش کر کے آگاہ کیا جائے۔

دوسری جانب پشاور ہائیکورٹ کے جج پر فائرنگ کے واقعے کے خلاف خیبر پختونخوا بار کونسل نے ہڑتال کی کال دے دی۔

وائس چیئرمین خیبر پختونخوا بار کونسل نے کہا کہ وکلا آج عدالتی کارروائی میں حصہ نہیں لیں گے، ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے۔

بلوچستان بار کونسل نے پشاور ہائیکورٹ کے جج پر فائرنگ کے خلاف صوبے بھر میں عدالتی کارروائی کے بائیکاٹ کی کال دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top