نسیم مندوخیل
اسلام آباد : سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے کہا کہ تعلیم بچوں کا بنیادی حق ہے اور یہ حق ان سے کوئی نہیں چھین سکتا،تعلیم اور صحت پاکستان تحریک انصاف حکومت کی اولین ترجیحات ہیں اور خیبرپختونخوا کی حکومت بچوں کو اعلی تعلیم کے مواقع مہیا کرنے لیے انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد کے ایک نجی ہوٹل میں برٹش کونسل پاکستان کی جانب سے منعقد کیے گئے تعلیم سمٹ 2019 میں کیا۔ سمٹ کے مہمان خصوصی سپیکر مشتاق احمد غنی تھے جبکے دیگر شرکاء میں کنٹری ہیڈ برٹش کونسل کے علاوہ دیگر اعلی سماجی اور سرکاری شخصیت شریک تھی۔
سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت تعلیم کے مد میں سالانہ 16 فیصد اضافہ کر رہی ہے اور کل بجٹ کا 27 فیصد تعلیم کیلئے مختص ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کابینہ کے ارکان نیک نیتی سے تعلیم میں اصلاحات کے لیے کوشاں ہیں اور خیبرپختونخوا میں 20-2019 میں اب تک 186 ارب کے فنڈز مختص کئے جاچکے ہیں۔
اس موقع پر مشتاق غنی نے یہ بھی کہا کہ زم شدہ اضلاع میں صحت اور تعلیم کی اعلی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیحات ہیں۔ جس حسن اسلوبی سے فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کیا گیا اسی جذبے اور نیت سے ان اضلاع میں اعلی صحت اور تعلیم کی سہولیات بھی مہیا کی جائیں گے اور خیبر پختونخوا کی حکومت اس کی کامیابی کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔