جامعات کی نئی عالمی درجہ بندی برائے 2020 میں دنیا کی بہترین 374 یونیورسٹیز میں ایک بھی پاکستانی یونیورسٹی شامل نہیں۔
معروف برطانوی ادارے کیو ایس کی جانب سے جاری کی گئی یونیورسٹیز کی عالمی درجہ بندی میں امریکا کی میساچیوسٹس انسٹیٹیوٹ برائے ٹیکنالوجی(ایم آئی ٹی) پہلے، اسٹین فورڈ دوسرے، ہارورڈ یونیورسٹی تیسرے اور آکسفورڈ یونیورسٹی چوتھے نمبر پر ہے۔
اس فہرست میں بھارت کی 3، ملائیشیا کی 2 اور سعودی عرب کی ایک یونیورسٹی دنیا کی 200 بہترین جامعات میں شامل ہیں۔
عالمی درجہ بندی میں دنیا کی بہترین 374 یونیورسٹیز میں ایک بھی پاکستانی یونیورسٹی شامل نہیں لیکن اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز ( پی آئی ای اے ایس) کا 375 واں اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کا 400 واں نمبر ہے۔
ملک کی سب سے بڑی کراچی یونیوسٹی 1000جامعات میں بھی جگہ نہ بنا پائی۔
دوسری جانب ایشیائی درجہ بندی میں سنگا پور یونیورسٹی کا پہلا نمبر رہا جس میں پاکستانی جامعات میں نسٹ کا نمبر 83 واں، لاہور یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ سائنسز (لمز) کا 110 واں اور قائداعظم یونیورسٹی کا 111واں نمبر ہے۔
پنجاب یونیورسٹی 195ویں، آغا خان یونیورسٹی 201 اور جامعہ کراچی 239 ویں نمبر پر رہی۔