مشتعل بیانیہ خطے کے امن کیلئے خطرناک ہیں ،اسفندیار

asfandyar-wali-khan-vow-to-register-fir-against-cjp-1524486185-9819.jpg
پشاور:عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے  کہا ہےکہ ہماری جماعت  پوری دنیا امن کے خواہاں ہیں اور بالخصوص اپنے ملک میں پائیدار امن کے قیام کے حق میں ہیں ۔
 باچا خان مرکز سے جاری بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ اے این پی سوچ و فکر کے لحاظ سے جنگ کے حق میں نہیں، باچا خان سے لے کر ولی خان تک اور آج کی اے این پی بھی ہر پلیٹ فارم پر امن کیلئے حتی الوسع کوششیں کرتی آ رہی ہے۔
 اسفندیار ولی خان نے کہا کہ ہم باچا خان کے فلسفہ عدم تشدد کے پیروکار ہیں، اگر ایسے حالات پیدا ہوتے ہیں تو اس کے تدارک کیلئے اے این پی خود بھی کوششیں کرے گی اور تمام فریقین کو بھی پُرامن رہنے کی تلقین کرے گی۔
 انہوں نے کہا کہ سرجیکل سٹرائیکس اور مشتعل بیان بازی سے امن کو خطرہ ہو گا جبکہ مزید مسائل جنم لیں گے لہٰذا صورتحال کی نزاکت کا ادراک کرتے ہوئے ہر صورت مذاکرات ہونے چاہئیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے اور پارلیمنٹ کو اس نازک وقت میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
مرکزی صدر نے کہا کہ اگر تباہی کے بعد مذاکرات کرنا ہیں تو بربادی سے قبل بات چیت میں کوئی مضائقہ نہیں، اسفندیار ولی خان نے کہا کہ ملک نازک دوراہے پر کھڑا ہے اور دونوں ملکوں کو جوش کی بجائے عقل اور ہوش سے کام لینا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ،دنیا بھر میں تمام تنازعات صرف مذاکرات کی میز پر ہی حل ہو سکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ جنگ سے ہر ممکن طور پر اجتناب کیا جائے، اگر باوجود اس کے پاکستان پر جنگ مسلط کی گئی تو اے این پی اپنے ملک کے ساتھ کھڑی ہو گی،انہوں نے کہا کہ سیاسی وابستگی سے بالاتر ملک کی بقا اولین ترجیح ہے اور اے این پی اپنی اس ذمہ داری سے کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔
اسفندیار ولی خان نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ملک ضبط و تحمل کا مظاہرہ کریں اور باہمی مذاکرات اور گفت و شنید سے تمام مسائل کا سیاسی اور سفارتی حل تلاش کریں۔
انہوں نے کہا کہ تشدد سے مسائل حل ہونے کی بجائے مزید بڑھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ اے این پی ہر فورم پر عدم تشدد کی پالیسی اپنائے رکھتی ہے اور ہر مسئلے پر فریقین کو بھی عدم تشدد کی تلقین کرتی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top