پشاور:خیبر پختونخوا حکومت نے پبلک ٹوائلٹ (عوامی بیت الخلاء) کی تلاش سے متعلق خصوصی ایپ تیار کر لی۔
وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ پبلک ٹوائلٹ فائنڈر ایپ پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی ڈیجیٹل اپروچ ہے، اس کے ذریعے عوام پبلک ٹوائلٹ کی موجودگی اور اس کے مقام کے بارے میں جان سکیں گے۔
کامران بنگش کے مطابق آسٹریلیا اور بھارت کے بعد خیبرپختونخوا میں بھی یہ ڈیجیٹل ایپ اب باآسانی دستیاب ہوگی اور اس کا افتتاح 19 نومبر کو کیا جائے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ اس ایپ سے صوبے کے عوام اور خصوصاً سیاحوں کو صحت مندانہ ماحول ملے گا اور عوام بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر دیگر صوبے چاہیں تو پبلک ٹوائلٹ فائنڈر ایپ سے متعلق معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔
معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ یہ ایپ انتہائی عوام دوست ہے اس سے نہ صرف مقامی لوگ فائدہ اٹھا سکیں گے بلکہ سیاحوں کے لئے بھی معاون ثابت ہوگا جس سے صوبے کا ایک اچھا تاثر قائم ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ خیبرپختونخوا آئی ٹی کی ترقی میں سب سے آگے ہے اس وقت صوبہ پورے پاکستان کے لئے ایک ماڈل ہے۔
معاون خصوصی نے کہا کہ اگر دیگر صوبے چاہے تو ہم ان کو بھی پبلک ٹوائلٹ فائنڈر ایپ بارے معاونت فراہم کرسکتے ہیں تاکہ وزیرآعظم پاکستان کا پاک صاف پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو جبکہ بہت جلد خیبرپختونخوا پاکستان سمیت ایشیاءکے لئے آئی ٹی حب ثابت ہوگا۔