پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معاشی پالیسی کا خلاء ہے کیونکہ یہ حکومت الیکٹڈ نہیں سلیکٹڈ ہے۔
ملتان ہائیکورٹ بار میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ پاکستان کی وکلاء برادری ملک کے عوام کے حقوق کا تحفظ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے مسائل کا حل تب ہی کرسکتے ہیں جب جمہوریت کا تحفظ ہوگا، ہر شعبہ اور ہر طبقہ بد سے بد تر ہو رہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ معاشی پالیسی کا خلاء ہے کیونکہ یہ حکومت الیکٹڈ نہیں سلیکٹڈ ہے، ان کا کام صرف سلیکٹرز کو خوش رکھنا ہے، مسائل کا حل صرف عوام کے منتخب نمائندے کرسکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے قانون میں ظالم کو انصاف ملتا ہے، مظلوم کو نہیں، پاکستان کو پہلا جمہوری متفقہ آئین شہید ذوالفقار علی بھٹو نے دیا اور انہی عدالتوں نے ذوالفقار علی بھٹو کو تختہ دار پر لٹکا دیا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) بلا امتیاز احتساب کی بات کریں تو اس کی ویڈیوز آجاتی ہیں، مشرف کے غیر جمہوری دور نے وفاق کی بنیاد ہلائی، آج پھر سے ججز پر حملے ہو رہے ہیں، یہ کل بھی اور آج بھی غیر جمہوری اقدام تھے اور ہیں، ان حملوں کے خلاف مزاحمت کریں گے۔