عوامی نیشنل پارٹی نے صوبے کے تیس ہزار کے قریب پرائمری سکولوں میں خاکروب کی پوسٹیں اور بھرتیاں نہ ہونے کی وجہ سے صفائی کے ناقص انتظامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خیبر پختونخوا اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا ہے.
توجہ دلاؤ نوٹس پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے جمع کرایا جس میں ایوان کی توجہ اس جانب مبذول کرائی گئی ہے کہ پرائمری سکولوں میں پڑھنے والے بچوں کی عمریں بہت کم ہوتی ہیں جس کی وجہ سے صفائی ایک اہم ایشو ہے لیکن ان سکولوں میں خاکروب کی کوئی پوسٹ نہیں رکھی گئی .
انہوں نے کہا کہ تعلیم کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہوناچاہئے تاہم متذکرہ بالا سکولوں میں صفائی کی ابتر صورتحال کے پیش نظر کم سن بچوں میں بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ہے .
انہوں نے کہا کہ حکومت اس اہم نوعیت کے مسئلے پر کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے وضاحت کرے اور ایوان کو آگاہ کیا جائے کہ مستقبل میں کب تک یہ مسئلہ حل کر دیا جائے گا۔متعلقہ محکمے کے وزیر کی جانب سے مسئلہ جلد حل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے بتایا گیا کہ تیس ہزار پرائمری سکولوں میں خاکروب کی پوسٹیں پیدا کی جائیں گی اور صفائی کا نظام بہتر بنانے کیلئے سوئیپر بھرتی کرنے کا کام مرحلہ وار شروع کیا جائے گا۔