وزیر اعظم عمران خان نے ملک میں رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے کے بینک اکاؤنٹس کھولنے کا حکم دیا ہے۔
وزیر اعظم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین بینک اکاؤنٹس کھلوا کر باضابطہ طور پر ملکی معیشت میں حصہ لے سکتے ہیں۔ یہ کام بہت پہلے ہوجانا چاہیے تھا۔
خیال رہے کہ 1979 میں سابقہ سوویت یونین کی جانب سے افغانستان پر حملے کے بعد لاکھوں مہاجرین نے پاکستان میں پناہ لی تھی، تاہم یو این ایچ سی آر کے مطابق 2002 سے اب تک 40 لاکھ سے زائد افغان مہاجرین اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں۔
اس کے باوجود پاکستان اب بھی 14 لاکھ رجسٹرڈ مہاجرین سمیت تقریباً 30 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دیے ہوئے ہے کیونکہ گزشتہ 2 برسوں کے دوران پناہ گزینوں کی رضاکارانہ واپسی کا عمل کافی سست ہوا ہے، جس کی بڑی وجہ افغانستان میں عدم استحکام، بنیادی سہولیات کا فقدان اور بیروزگاری ہے۔
وزیر اعظم نے افغان مہاجرین کی اسی مالی مشکل کو دیکھتے ہوئے رجسٹرڈ افراد کو ملک میں بینک اکاؤنٹ کھلوانے کی اجازت دی ہے تاکہ وہ اپنی کاروباری سرگرمیاں ایک عام شہری کی طرح انجام دے سکیں۔