گلوبل کلائمیٹ سٹرائک:جامعہ پشاور میں ماحولیاتی سوسائٹی کے زیر اہتمام آگاہی مارچ

c6863847-1fa8-4a89-9c86-714fe143f153.jpg

سیدرسول بیٹنی

پشاور : یونیورسٹی آف پشاور کے ماحولیاتی سوسائٹی کی جانب  سے "کلائمٹ چینج سٹرائک” واک کا اہتمام کیا گیا۔ملک کے تیس بڑے شہروں میں بیک وقت منائے جانے والے دن کا مقصد معاشرے میں ماحولیاتی بے قاعدگیوں پر شعور بیدار کرنے اور موسمیاتی چیلنجز سے نبرد آزمائی کیلئے نوجوان نسل کو تیار کرنا تھا۔واک میں شعبہ ماحولیات کے ماہرین ،اساتذہ اور جامعہ پشاور کے مختلف شعبہ جات میں زیر تعلیم طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

واک و سیمینار کا انعقاد انوارومنٹل سوسائٹی کے بانی آرگنائزر اور شعبہ ماحولیات کے سرگرم اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر آصف خان خٹک کی کوششوں سے کیا گیا۔

واک کا آغاز پیوٹا چوک سے ہوتے ہوئے کنووکیشن ہال پر اختتام پزیر ہوئی جبکہ واک کا اہتمام ماحول دوست سوسائٹی جامعہ پشاور ، اسلامک ریلیف پاکستان اور ہلال احمر نے کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر آصف خان خٹک نے کہا کہ ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے واک کا مقصد عالمی سطح پر احتجاجی تحریک کا حصہ بننا ہے جبکہ واک سے عام لوگوں میں صاف ماحول اور انسانی معیار زندگی کو محفوظ بنانا کیلئے عملی کوششوں سے سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔

چیئرمین شعبہ ماحولیات پروفیسر ڈاکٹر حزب اللہ خان نے کہا کہ سائنسی طریقے سے ہم کیسے ماحولیاتی و موسمیاتی تبدیلیوں سے مقابلہ کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کلائمٹ چینج موضوع ایک سائنس بن چکی ہے اور جامعات کی تحقیقی سرگرمیاں اس جانب موڑنے کی ضرورت ہے جس کیلئے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور اعلی تعلیمی کمیشن کا بنیادی کردار بنتا ہے۔

اس موقع پر ماہر ماحولیات پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن نے کہا کہ عالمی و ملکی سطح پر موسمیاتی تبدیلیوں سے زرعی اجناس میں کمی، سیلابی خطرات ، کرہ ارض کی حدت، اور قدرتی آفات کے اندیشے بڑھ گئے ہیں جس کیلئے معاشرے اور پالیسی ساز اداروں کو ہمہ وقت چوکنہ اور ٹیکنالوجی کی مدد سے پیشگی ردعمل کے تیار رہنے پر ہی انسانی بقاء مضمر ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top