سفید احمد
پشاور:خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات صوبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،بیرونی امدادی اداروں کے ساتھ مل کر ضم شدہ قبائلی اضلاع سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں شہریوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے کئی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ مضبوط اور پائیدار پالیسی سازی بھی کی جارہی ہے۔
صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار محکمہ بلدیات کے ڈویلپمنٹ پارٹنرز اور ان کے صوبے بھر میں جاری منصوبوں کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ظاہر شاہ، ٹیم لیڈر سی ڈی ایل ڈی ندیم بشیر اور دیگر حکام موجود تھے۔
اجلاس میں بیرونی امدادی اداروں کے نمائندوں نے صوبے کے مختلف اضلاع بشمول ضم شدہ قبائلی اضلاع میں جاری ترقیاتی پروگراموں پر پیشرفت، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے کی جانے والی منصوبہ بندی اور دیگر متعلقہ امور پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ محکمہ بلدیات بیرونی امدادی اداروں کے ساتھ مل کر مختلف شعبہ جات جن میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ، گورننس، بہترین مونسپل سروسز کی فراہمی، جنوبی اضلاع کی ترقی سمیت کئی دیگر شعبہ جات میں کام کر رہا ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبے کی ترقی میں محکمہ بلدیات کا کردار اہم ہے اور بیرونی امدادی اداروں کے ساتھ مل کر صوبے کے تمام اضلاع بشمول ضم شدہ قبائلی اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی فلاح و بہبود اور صوبے کی پائیدار ترقی کے لیے مربوط پالیسی سازی کی ضرورت ہے جس کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا چاہیے۔