سفید احمد
پشاور:صوابی میں بجلی فراہمی کے منصوبوں اور اس سے متعلق مسائل کے حل کے لیے جائزہ زیر صدارت صوبائی وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی پشاور میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں پیسکو چیف ڈاکٹر محمد امجد خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر، ایکسیئن اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔ اجلاس میں صوابی میں گریڈ اسٹیشنز کی تعمیر، نئے فیڈرز اور دیگر بجلی فراہمی کے دیگر کاموں پر بریفنگ دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کرنل شیر خان کلے میں نئے گریڈ اسٹیشن کی تعمیر کا جلد آغاز کیا جا رہا ہے جبکہ ڈاگئی اور کالو خان فیڈرز پر بھی کام کی رفتار کو بڑھایا جارہا ہے۔
اجلاس میں بجلی سے متعلق دیگر مسائل جن میں لو ولٹیج اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ شامل ہیں کے حل کے حوالے سے بھی مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ خراب ٹرانسفارمرز کی تبدیلی و مرمت کے حوالے سے عوامی شکایات کے حوالے سے بھی اجلاس میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
ضلع میں بجلی فراہمی کے توسیعی منصوبے کے لیے ٹرانسفارمرز، پولز اور دیگر سازو سامان جلد مہیا کیا جا رہا ہے جبکہ اس مقصد کے لیے خطیر فنڈز پہلے ہی محکمہ برقیات کو فراہم کیے جا چکے ہیں۔
اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی کا کہنا تھا کہ ضلع کے عوام کی سہولت اور مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے بجلی توسیع کے ان تمام منصوبوں کو بروقت پائے تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ عوام ان سے جلد سے جلد مستفید ہو سکیں اور انہیں سہولت بھی میسر آسکے۔ انہوں نے محکمہ برقیات کے حکام کو اس ضمن میں اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔