پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کامران بنگش نے کہا ہے کہ صوبے میں مذہبی اور روایتی رسومات کے پرامن انعقاد مذہبی ہم آھنگی اور افہام و تفہیم اور امن و امان برقرار ر کھنے کے لئے صوبائی حکومت ہمہ وقت تیار ہے،تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر مضبوط حکمت عملی وضع کی گئی ہے تاکہ شرپسند اور ملک دشمن عناصر کو تخریب کاری کا کوئی موقع نہ مل پائے۔
ان خیالات کا ظہار انہوں محرم کمیٹی پشاور اور امامیہ جرگہ کے رہنماؤں سے بدھ کے روز اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔
معاون خصوصی نے واضح کیا کہ امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے پر ہم نے نہ کبھی پہلے سمجھوتہ کیا اور نہ اس بار کوئی کسر باقی رکھی جائے۔ اس کے لئے سیکیورٹی ادارے ہر وقت تیار ہیں۔
اس بار محرم الحرام کے سلسلے میں صوبائی حکومت، پولیس، صحت وصفائی کے ادارے، ضلعی انتظامیہ اور مقامی آبادی کے ساتھ انتظامات کو آخری شکل دے دی گئی ہے۔ تاکہ محرم الحرام کی سلسلے میں ہونے والے والے ماتمی جلوس بغیر کسی ناخوشگوار واقعہ کے اختتام پذیر ہوں۔
محرم کمیٹی پشاور کے رہنماؤں نوازش علی اور طارق علی شاہ کی جانب سے کامران بنگش کے ساتھ متعلقہ رسومات کے لئے فائربریگیڈ کی سہولت مہیا کرنے پر بھی بات چیت کی گئی جس کے لئے معاون خصوصی نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کر دئیے۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال صوبائی حکومت کی کوششوں کی بدولت ایسی تقریبات پرامن طریقے سے اختتام پذیر ہوتی ہیں کیونکہ یہ سب کا آئینی حق ہے کہ کوئی بھی فرد، مذہب، فرقہ یا جماعت اپنی متعلقہ رسومات کی ادائیگی آزادی سے کرے اور ریاست ان کو تمام مطلوبہ سہولیات مہیا کرے۔
سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے معاون خصوصی کامران بنگش نے اس موقع پر مزید کہا، کہ میں صوبائی حکومت کی جانب سے ہر وقت متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہوں۔ اور اس سلسلے میں صوبائی مشینری حرکت میں ہے تا کہ محرم الحرام بارے میں معاملات کو مکمل تعاون اور ہم اہنگی کے ساتھ آگے بڑھائیں۔