باڑہ گلی کیمپس میں صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے،شجاع احمد

68613362_2369430469799251_4163119810126807040_n.jpg
پشاور:جامعہ پشاور باڑہ گلی کیمپس کے کوارڈنیٹر اور شعبہ فلاسفی کے چیئرمیں ڈاکٹر شجاع احمد نے کہا ہے کہ انسانی زندگی میں صفائی و ستھرائی کی بڑی اہمیت ہے، اس کے بغیر کسی مہذب قوم اور مہذب سماج کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار باڑہ گلی کیمپس میں شعبہ سوشل ورک کے زیر اہتمام  سمر سکول آف سوشل ورک میں شرکت کرنے والے نوجوان طلباء وطالبات کی مدد سے ‘صاف ستھرا ماحول’ کے نام سے کیمپس صفائی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کیا۔

ڈاکٹر شجاع احمد نے بتایا کہ اس صفائی مہم کا مقصد نوجوان نسل کو ماحولیات اور صفائی سے آگاہ کرنا ہے اور انہیں یہ بتانا ہے کہ اپنے ماحول کو صاف ستھرا رکھنا کتنا ضروری ہے۔

کیمپس کے کوارڈنیٹر نے کہا کہ جس طرح انسانی زندگی کے تحفظ میں غذائی ضروریات ناگزیر ہیں، اسی طرح ماحولیات کے تحفظ میں صفائی ستھرائی ناگزیر ہے۔

صفائی مہم میں شریک جامعہ پشاور کے شعبہ سوشل ورک کے ایم فل سکالر آصف خان نے بتایا کہ اس مہم کی خاص بات یہ تھی کہ طلباء وطالبات کے ساتھ ساتھ اساتذہ کرام نے بھی اس میں  بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا المیہ ہے کہ جامعہ کے انتظامیہ کی جانب سے بڑے بڑے ڈسٹ بن نصب کئے گئے ہیں لیکن اکثر وہ خالی پڑے رہتے ہیں اور ہاں اس کے اطراف میں کچروں کا انبار لگا رہتا ہے جو چلتے چلتے ڈسٹ بن کی جانب اچھال دیا جاتا ہے۔

تین روزہ سمر سکول آف سوشل ورک کو فلاحی ادارے "کمیونٹی ورلڈ سروس” کے تعاون سے منعقد کیا گیا تھا جس  میں جامعہ پشاور،جامعہ پنجاب اور جامعہ سندھ ،جامشورو  کے شعبہ سوشل ورک میں زیر تعلیم 30 کے قریب طلباء وطالبات نے شرکت کی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

scroll to top