وقار علی شاہ
اسلام آباد: وزیرریلوے شیخ رشید نے پاکستان اور بھارت کے درمیان چلنے والی سمجھوتہ ایکسپریس ٹرین ہمیشہ کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ بھارت نے جو کچھ کیا وہ سوچی سمجھی سازش اور ان کا ایجنڈا ہے، یہ بہت پرخطر سال ہوگا، اس میں جنگ بھی ہوسکتی ہے، ہم جنگ کی طرف نہیں جانا چاہتے لیکن کشمیر پر ہونے والے ظلم پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے، اگر جنگ مسلط کی گئی تو یہ آخری جنگ ہوگی۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ کشمیر کوئی مقبوضہ بیت المقدس نہیں ہے، مودی نے غیر دانشمندانہ کام کیا،انہوں نے کہ بعض سیاست دان ایسی غلطی کرتے ہیں جس سے تاریخ بدل جاتی ہے، یہ نہیں ہوسکتا کہ ہم ظلم پر خاموش رہے، اس لیے بحیثیت ریلوے کے وزیر سمجھوتہ ایکسپریس کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا اعلان کررہا ہوں، یہ ٹرین ہفتے میں دو دن چلتی تھی، اس کے مسافروں کو ٹکٹس کی واپسی پر پورے پیسے دیے جائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ کشمیری اور پاکستان کا دل ایک ساتھ دھڑکتا ہے، میں کشمیر کو اندر سے جانتا ہوں، مودی کی سیاست لال چوک سری نگر میں ختم ہوگی۔
وفاقی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ کرتارپور پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری رہےگا، ہم نانکانہ صاحب کے مزار پر بڑے بڑے مہمان خانے بنا رہے ہیں،تا کہ سکھ برادری کو ناکانہ صاحب کی مزار پر ہر قسم سہولیات دیئے جائیںگے