کوہاٹ: ضلعی انتظامیہ نے منگل اور بدھ کے روزشہر او رنواحی علاقوں میں قائم غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے دفعہ 144کی خلاف ورزی کرنے پر کئی افراد کے خلاف دفعہ 188تعزیرات پاکستان کے تحت کارروائی کی اور غیرقانونی مویشی منڈیوں کو ختم کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرکوہاٹ فرقان اشرف نے توغ بالا،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر مراداحمد ہوتی نے بلی ٹنگ اورپنڈی روڈ اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ طاہر علی نے بنوں روڈ، پنڈی روڈ بونا شریف جنگل خیل روڈ پر غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188کے تحت مقدمات درج کردئیے۔
انہوں نے وارننگ دی کہ آئندہ غیر قانونی مویشی منڈیاں قائم کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔واضح رہے کہ ضلع میں مختلف مقامات پر برلب سڑک غیر قانونی مویشی منڈیاں قائم کی گئی تھیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی میں بری طرح خلل پڑرہاتھاجس کا ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے 13 اگست تک ضلع بھر میں غیرقانونی مویشی منڈیوں کے خاتمے کیلئے دفعہ 144کانفاذکیا۔
انہوں نے تمام انتظامی افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر تعمیلی رپورٹ جمع کرائیں۔