پشاور:خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات،الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے کہا ہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا تب جاکر ہم گندگی سے پاک پشاور کے مقصد میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی پشاور، ضلع انتظامیہ اور پولیس کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں کمشنر پشاور امجد علی خان، ایس ایس پی آپریشنز ظہور آفریدی، سی ای او ڈبلیو ایس ایس پشاور ظفر علی شاہ، ڈی جی پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی عزیر خان اور دیگر سرکاری حکام بھی موجود تھے،
اجلاس میں ڈبلیو ایس ایس پی کی جانب سے ضلع انتظامیہ پشاور سے درخواست کی گئی کہ گندگی پھیلانے والوں پر عائد کیے جانے والے جرمانوں کی ریکوری میں ادارے کو مدد فراہم کی جائے، اس مقصد کے لئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایک افسر کو ڈبلیو ایس ایس پی کے ساتھ متعین کیا جائے، اس پر کمشنر پشاور امجد علی خان نے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کو صاف ستھرا اور سر سبز رکھنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،
انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ پشاور، ضلع پولیس اور ڈبلیو ایس ایس پشاور شہر میں گندگی پھیلانے والوں سے سختی سے نمٹیں اور اس ضمن میں کسی سے کوئی نرمی نہ برتی جائے،گندگی اور کوڑا کرکٹ غیرمتعین جگہوں پر پھینکنے پر کیے جانے والے جرمانے تین دن کے اندر اندر وصول کیے جائیں۔
شہرام خان ترکئی نے کہا کہ پشاور شہر میں صفائی کی صورتحال برقرار رکھنے پر اور گندگی پھیلانے والوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے.