پشاور: عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ ملک کو سلیکٹڈ وزیر اعظم کی وجہ سے خطرات لاحق ہیں، اپوزیشن تحریک حکومتی تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گی، موجودہ جعلی حکومت کا خاتمہ ناگزیر ہو چکا ہے اور نئے الیکشن کے سوا کوئی چارہ نہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں ملاقات کیلئے آنے والے پارٹی رہنماؤں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ایمل ولی خان نے کہا کہ گزشتہ سال کے انتخابات انجینئرڈ تھے اور مقتدر قوتوں نے گنتی کا عمل پولنگ کے عملے سے لے کر 6 بجے کے بعد نتائج تبدیل کر دیئے جس کے بعد ایک مقدس جماعت کو حکومت پیش کر دی گئی، عوام کی رائے کو بلڈوز کرتے ہوئے لاڈلے کو قوم پر مسلط کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایمل ولی خان نے کہا کہ ہمیں اقتدار کا لالچ نہیں، ہماری سیاست ایوانوں کی محتاج نہیں، جب تک ملک ہے ہماری سیاست زندہ رہے گی۔
ایمل ولی خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے شفاف الیکشن کرانے میں ناکامی کے باوجود کوئی ایکشن نہ لیا، الیکشن کمیشن اپنا اعتماد کھو چکا ہے، اس کے ساتھ مقدس دفاعی ادارہ بھی بدنام کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ بلاول کے بچپن کے ناشتوں کا نوٹس لیتی رہی لیکن 22کروڑ عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کا کوئی نوٹس نہیں لیا، نیب انتہائی گر چکا ہے اور گری ہوئی حرکتیں کر رہا ہے، جس ملک کے اداروں پر کسی کو اعتماد نہ ہو وہ ملک کیسے چل سکتا ہے،باچا خان اور خدائی خدمتگاروں نے جمہوریت کیلئے جدوجہد کی اور اس کیلئے پختونوں نے جانوں کے نذرانے پیش کئے لیکن ہمارا راستہ کوئی نہیں روک سکتا،
انہوں نے کہا کہ قوم اب مزید غلامی کی زندگی نہیں گزار سکتی، جمہوری نظام ضرور آئے گااور اس حکومت سے چھٹکارا پانے کے بعد شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات وقت کا اہم تقاضا ہیں۔