پشاور:خیبر پختونخوا کے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے زیر اہتمام ایس ڈی سی کے تعاون سے واٹستھان کے نام سے شروع ہونے والے تین روزہ ہیکاتھان کا افتتاح کر دیا۔
افتتاحی تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈبلیو ایس ایس پی سید ظفر علی شاہ، ڈائریکٹر جنرل پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی عزیر خان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ واٹستھان کا مقصد ملک بھر سے نوجوان آئی ٹی ماہرین کو اکٹھا کر کے ان کے تیار کردہ سافٹ ویئر سے شہری خدمات کے معیاراور فراہمی میں بہتری لانے کے لئے استفادہ کرنا ہے۔
واٹستھان میں ملک بھر سے آئی ٹی میں مہارت رکھنے والے نوجوان اور پروفیشنلز پر مشتمل 32 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جو کہ پشاور کے پانی اور صفائی کے مسائل کی نشاندہی کر کے ان کا آئی ٹی کے ذریعے حل تجویز کریں گی۔ ڈبلیو ایس ایس پی واٹستھان میں پیش کئے جانے والے آئیڈیاز اور سافٹ ویئرز کو شہری خدمات کی فراہمی کے نظام میں جگہ دے گی تاکہ وسائل کی بچت کرتے ہوئے خدمات کا دائرہ مزید وسیع کیا جاسکے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ ہو۔
اس موقع پر شہرام خان ترکئی نے کہا کہ حکومت مسائل کے حل کے لئے جدید طریقے اور آئی ٹی کا استعمال کر رہی ہے۔ واٹستھان کا انعقاد خوش آئند ہے جس میں بہترین آئیڈیاز سامنے آئیںگے جنہیں معیاری خدمات کی فراہمی کے لئے استعمال کیا جا سکے گا۔ اس سے نہ صرف کم وقت میں مسائل حل ہوں گے بلکہ وسائل کی بچت بھی ہوگی ۔انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ آگے آئیں اور آئی ٹی کی مہارتیں معاشرے کی فلاح وبہبود اور خدمات تک رسائی کے لئے استعمال کریں۔
قبل ازیں چیف ایگزیکٹو آفیسر سید ظفر علی شاہ نے واٹستھان کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو ایس ایس پی مانیٹرنگ اور پانی وصفائی کی فراہمی میں آئی ٹی جبکہ صارفین کی آسانی کے لئے مختلف ایپلیکیشنز استعمال کر رہی ہے جن کی بدولت نہ صرف شکایات کا بروقت ازالہ ہو رہا ہے بلکہ عملے تک رسائی بھی آسان ہوگئی ہے۔
سید ظفر علی شاہ کا کہنا تھا کہ تجرباتی بنیادوں پر چار ٹیوب ویلوں میں سکیڈا پراجیکٹ مکمل کیا گیا ہے جس سے بجلی کے اخراجات میں 26 فیصد بچت ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ واٹستھان معیاری خدمات کے لئے ایک سنگ میل ثابت ہوگا جس میں سامنے آنے والے آئیڈیاز اور سافٹ ویئرز کو ڈبلیو ایس ایس پی کے نظام میں شامل کیا جائے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نوجوان اچھے آئیڈیاز اور سافٹ ویئرز پیش کریں گے جن کے ذریعے شہری خدمات کا معیار بہتر ہوگا اور کم وسائل میں زیادہ خدمات فراہم کی جاسکیں گی۔