سیدرسول بیٹنی
اسلام آباد: پشتون کلچر آرگنائزیشن کے چیئرمین شاکر ذیشان خٹک نے کہا ہے کہ پشتو ادب اور ثقافتی اقدار کو ترقی دینے کیلئے پشتون کلچر آرگنائزیشن کی جانب سے 3 اگست منعقد ہونے والی "پشتو فیملی کلچر شو اینڈ لٹریچر ڈے” کیلئے تمام تر تیاریاں زور شور سے جاری ہے تاکہ آنے والے مہمان کرامی اور شرکاء ثقافتی شو سے خوب لطف اندوز ہوسکے۔
فیملی شو میں وزیرمملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی، سینٹ کے قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات اور قومی ورثہ کے چیئرمین سینٹر فیصل جاوید اور پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر و سابق چیف جسٹس آف پاکستان محمد افتخار چوہدری مہمان گرامی ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے "دی پشاور پوسٹ” کے ساتھ خصوصی گفتکو کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس ثقافتی شو کا مقصد دنیا بھر کے لوگوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ پشتوں قوم دہشتگرد نہیں بلکہ ایک پُر امن قوم ہے اور دھرتی سے بے پناہ محبت کرنے والے لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پشتون قوم کو ایک سازش کے تحت انتہا پسند اور دہشتگرد پیش کرنے کی ایک منظم کوشش کی گئی لیکن پشتون قوم کا دہشتگردی سے دور دور تک کوئی تعلق نہیں۔
شاکر ذیشان خٹک نے کہا کہ پشتون افغان عوام، ادیب، شعراء اور باشعور نوجوانوں کو ہماری ثقافت کے درخشاں مستقبل کیلئے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر علم و قلم کے ذریعے اسے فروغ دینا ہوگا تاکہ دنیا ہمیں پُر امن قوم کے طور پر پہچان سکیں۔
ثقافتی شو کے پہلے حصے میں تقاریر اور بعد ازاں موسیقی کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جس سے آنے والے شرکاء محظوظ ہونگے۔شو میں آسلام آباد کے مختلف یونیورسٹیز اور کالجز میں زیر تعلیم پختون سٹوڈنٹس پختونوں کے روایتی رقص (اتنڑ) کا مظاہرہ بھی کرینگے۔