پشاور : عوامی نیشنل پارٹی نے روٹی کی قیمتوں میں خود ساختہ و ظالمانہ اضافے کے خلاف صوبائی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا ہے۔
توجہ دلاؤ نوٹس اے این پی کی رکن صوبائی اسمبلی ثمر ہارون بلور نے جمع کرایا اور اس میں سپیکر کی توجہ اس جانب دلائی گئی ہے کہ روٹی کی قیمتوں میں کیا جانے والا فیصلہ عوام کے ساتھ ظلم ہے جبکہ یہ اضافہ چند مخصوص منظور نظر افراد کو نوازنے کیلئے کیا گیا ہے۔
توجہ دلاؤ نوٹس میں ثمر ہارون بلور نے کہا کہ جب بھی کسی چیز کا ریٹ بڑھانا یا کم کرنا مقصود ہو اس کیلئے پرائس ریویو کمیٹی کا اجلاس بلا کر ڈپٹی کمشر یا اسسٹنٹ ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں تمام سٹیک ہولڈرز کو بلایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی کے اجلاس میں انجمن صارفین کے نمائندے بھی موجود ہوتے ہیں اور اگر ان میں سے کسی بھی ایک فرد کی غیر موجودگی کی صورت میں فیصلہ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ پشاور میں ایک شخص کو اعتماد میں لئے بغیر روٹی کی قیمت15روپے کر دی گئی، ثمر بلور نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے منظور نظر افراد کو نوازنے کیلئے خود ساختہ فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ عوامی نوعیت کے اس سنگین مسئلے پر بحث کی اجازت دی جائے۔