سفید احمد
پشاور:خیبرپختونخوا کے وزیر بلدیات الیکشنز و دیہی ترقی شہرام خان ترکئی کی ہدایت پر صوبے میں سیاحتی مقامات کی صفائی کی مہم میں تیزی آ گئی ہے۔ اس سلسلے میں ہزارہ ڈویژن کے سیاحتی مقام ناران میں سطح سمندر سے ساڑھے دس ہزار فٹ بلند جھیل سیف الملوک کے اطراف صفائی کی گئی ہے جبکہ سوات میں واقع مہوڈنڈ جھیل کے اطراف صفائی کے ساتھ ساتھ کچرا دان نصب کیے گئے ہیں اور سینٹری کیمپ قائم کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر بلدیات نے سیاحتی مقامات کی صفائی کے حوالے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر رکھی ہیں کہ اس سلسلے میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے اور اس میں روکاوٹ بننے والوں سے سختی سے نمٹا جائے۔
جھیل سیف الملوک کے اطراف کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی صفائی مہم بھی محکمہ بلدیات کی جانب سے جاری سیاحتی مقامات کی صفائی مہم کا حصہ ہے جس میں درجن سے زائد سینٹری ورکرز نے حصہ لیا۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی خواجہ فہیم سجاد نے جھیل سیف الملوک پر جاری صفائی مہم کی از خود نگرانی کی اور اس موقع پر وہاں موجود سیاحوں کو کچرا دان استمال کرنے اور صفائی کا خاص خیال رکھنے کے حوالے سے آگاہ کیا۔
دوسری طرف سوات میں کالام، پلوگا گلیشئیر اور مہوڈنڈ جھیل کے اطراف تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن بحرین کی جانب سے کچرا دان نصب کیے گئے ہیں جبکہ ٹی ایم اے اہلکاروں نے جھیل کے اطراف صفائی بھی کی ہے۔
ٹی ایم اے بحرین نے مہوڈنڈ جھیل کے قریب سینٹری ورکز کا ایک کمپ بھی قائم کیا ہے جسے علاقے کو صاف ستھرا رکھنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ٹی ایم اے بحرین کی جانب سے سیاحوں کو کچرا دان استعمال کرنے اور صفائی کا خیال رکھنے کے حوالے بورڈز بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔